Live Updates

تھانہ شاہ پور پولیس کی کارروائی، ٹیلر ماسٹر کے اندھے قتل کا ڈراپ سین ، مرکزی ملزم اور سہولت کار گرفتار

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:00

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2025ء) تھانہ شاہ پور پولیس نے ٹیلر ماسٹر اسرار گل کے اندھے قتل کا ڈراپ سین کرکے مرکزی ملزم اور سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور تر جمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ شاہ پور عمران خان نے تفتیشی ٹیم کے ہمراہ جدید سائنسی خطوط و ٹیکنیکل بنیادوں پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم عامر ولد صفدر اور اس کے سہولت کار غریب جان عرف غریبو ولد امیر سید ساکنان اکبر پورہ کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

گرفتار مرکزی ملزم کی نشاندہی پر مقتول اسرار گل کا موبائل فون اور آلۂ قتل (پستول) بھی برآمد کرلیا گیا۔مورخہ 6 اکتوبر 2025 کو تھانہ شاہ پور کی حدود بدھنی ٹاپو سیفن غاڑہ میں ٹیلر ماسٹر اسرار گل ولد دیدار گل کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ کے بعد مقتول کے بھائی ابرار گل کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مرکزی ملزم عامر ولد صفدر مقتول ٹیلر ماسٹر اسرار گل کا شاگرد تھا۔ پولیس نے سائنسی خطوط ، اہم شواہد، موبائل ڈیٹا اور دیگر ٹیکنیکل بنیادوں پر ملزمان تک رسائی حاصل کی۔ابتدائی تفتیش کے دوران مرکزی ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا۔گرفتار دونوں ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات