محکمہ بہبودِ آبادی سندھ کی جانب سے ابراہیم حیدری میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد

کیمپ میں بزرگ مردوں میں کمزوری اور نظر کی کمزوری کے مسائل نمایاں دیکھے گئے

جمعہ 17 اکتوبر 2025 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) محکمہ بہبودِ آبادی سندھ کی جانب سے ابراہیم حیدری کے ساحلی علاقے چشمہ گوٹھ میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کیمپ میں مرد، خواتین اور بچوں کا مفت معائنہ کیا گیا۔ خواتین میں زیادہ تر بخار، خون کی کمی، سینے کے انفیکشن اور جلدی امراض کی شکایات سامنے آئیں، جبکہ بچوں میں آلودہ ماحول اور غیر معیاری غذا کے باعث پیٹ درد اور جلدی بیماریاں عام پائی گئیں۔

اسی طرح بزرگ مردوں میں کمزوری اور نظر کی کمزوری کے مسائل نمایاں دیکھے گئے۔ محکمہ آبادی و فلاحِ بہبود سندھ نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے تعاون سے ابراہیم حیدری کے ساحلی علاقے چشمہ گوٹھ میں خاندانی منصوبہ بندی اور صحت سے متعلق فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔

(جاری ہے)

کیمپ میں مقامی ماہی گیر برادری کے دو ہزار سے زائد مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی جہاں ڈاکٹروں نے جنرل میڈیسن، ڈرماٹولوجی، امراضِ چشم، اطفال اور تولیدی صحت کے خصوصی معائنے کیے جبکہ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

کیمپ میں آنے والی خواتین کی بڑی تعداد بخار، خون کی کمی، سینے کے انفیکشن، خارش اور جلدی امراض میں مبتلا تھی، جبکہ بچوں میں پیٹ درد اور جلدی بیماریاں عام پائی گئیں جن کی ممکنہ وجہ آلودہ پانی اور غیر صحت مند ماحول قرار دی گئی۔ بزرگ مرد کمزوری اور آنکھوں کے مسائل میں مبتلا پائے گئے۔کیمپ کے دوران صحت و صفائی، زچہ و بچہ کی نگہداشت اور خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق آگاہی سیشنز بھی منعقد کیے گئے جن میں خواتین اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی وزیر برائے ویمن ڈیولپمنٹ شاہین شیر علی اور رکن صوبائی اسمبلی محمود عالم جاموٹ نے خصوصی شرکت کی اور محکمہ آبادی سندھ کے اقدامات کو سراہا۔محکمہ بہبود آبادی سندھ کے سیکرٹری حفیظ اللہ عباسی نے کہا کہ اب ہمارا محکمہ ان جزائر اور ساحلی علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگارہا ہے،جہاں کی آبادی کو طبی سہولیات میسر نہیں۔