بنوں میں پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک

چوکی میں موجود اہلکاروں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر رکشہ کو روکنے کی کوشش کی، نہ رکنے پر پولیس جوانوں نے فائرنگ کردی، جس سے رکشہ وہیں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا؛ سکیورٹی ذرائع

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 اکتوبر 2025 12:19

بنوں میں پولیس چوکی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام، 3 دہشتگرد ہلاک
بنوں ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2025ء )  صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الخوارج کے 3 دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھرے رکشہ کے ذریعے بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی، چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے بروقت اور مستعدانہ کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔

بتایا گیا ہے کہ چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر رکشہ کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر پولیس جوانوں نے فائرنگ کی جس سے رکشہ وہیں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کے نتیجے میں تینوں دہشتگرد موقع پر ہی جہنم واصل ہوگئے، واقعے میں تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے تاہم دھماکے کی شدت سے قریب واقع گھروں کو معمولی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان اور ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے پولیس اہلکاروں کی بروقت اور دلیرانہ کارروائی کو سراہا، انہوں نے کہا کہ چوکی مزانگہ کے جوانوں نے فرض شناسی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی بہترین مثال قائم کی، یہ سپاہی بنوں پولیس کا فخر ہیں جو ہر قیمت پر عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، فتنۃ الخوارج جیسے عناصر قوم اور عوام کے دشمن ہیں، ریاست دشمنوں کی ہر بزدلانہ کوشش ناکام بناتے رہیں گے، ہمارے جوانوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ بنوں پولیس ہر وقت اپنے علاقے اور عوام کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او نے چوکی میں موجود بہادر جوانوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا، انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے اردگرد کے حالات پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا پولیس کنٹرول روم کو دیں، پاکستان ہمارا ملک، ہمارا گھر ہے، پولیس اور عوام مل کر ہی دہشت گردی جیسے فتنوں کا مکمل خاتمہ کرسکتے ہیں۔