Live Updates

پاک افغان جنگ ختم کروانا آسان ہے‘ جنگیں روکنا مجھے پسند ہے لیکن ابھی امریکہ میں بھی کام ہیں، ٹرمپ

وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے کہا کہ میں نے پاک بھارت جنگ ختم کرکے لاکھوں جانیں بچائیں؛ امریکی صدر کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 18 اکتوبر 2025 12:03

پاک افغان جنگ ختم کروانا آسان ہے‘ جنگیں روکنا مجھے پسند ہے لیکن ابھی ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اکتوبر2025ء ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کی جنگ ختم کروانا آسان ہے اور جنگیں ختم کروانا مجھے اچھا بھی لگتا ہے لیکن ابھی امریکہ میں بھی کام ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جب کوئی تنازع حل کرتا ہوں تو لوگ کہتے ہیں اگلی جنگ ختم کروانے پر آپ کو نوبیل انعام ملے گا لیکن مجھے نوبیل انعام نہیں ملا، تاہم مجھے ان باتوں کی پرواہ نہیں، میں صرف جانیں بچانے کے لیے جنگیں رکوانا چاہتا ہوں کیوں کہ مجھے جنگیں رکوانا پسند ہے اور اپنے دورِ صدارت میں آٹھ جنگیں رکواچکا ہوں، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ بھی شامل تھی۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مجھے کہا کہ میں نے پاک بھارت جنگ ختم کرکے لاکھوں جانیں بچائیں، اب پاکستان اور افغانستان کی حالیہ سرحدی کشیدگی سے آگاہ ہوں اور دونوں ممالک کے درمیان اس جنگ کو روکنا میرے لیے بہت آسان ہے اور اگر چاہوں تو دونوں ممالک کے درمیان یہ جنگ فوراً ختم کروا سکتا ہوں، جنگیں روکنا مجھے پسند ہے لیکن ابھی امریکہ میں بھی کام ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی، امریکی صدر نے ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’اب خون خرابہ ختم کرنےکا وقت آگیا ہے، مذاکرات کے ذریعے معاملات حل کریں ، دونوں فریق خود کو فاتح قراردیں اور فیصلہ تاریخ پرچھوڑدیں، ٹوما ہاک میزائل یوکرین بھیجنے کے بارے میں بات کریں گے، امید ہے ٹوما ہاک کے بغیر ہی یوکرین روس جنگ بندی میں کامیاب ہوں گے‘، اس موقع پر صدر زیلنسکی نے کہا کہ ’ہمیں یوکرین میں جنگ بندی چاہیئے اور میں صدر ٹرمپ کی مدد سے یوکرین میں جنگ بندی کےلیے پُر امید ہوں‘۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات