بھارت،2سال سے تنخواہ نہ ملنے پر سرکاری ملازم نے خودکشی کر لی

واقعے کے بعد پولیس نے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 15:08

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) بھارتی ریاست کرناٹک میں ایک سرکاری ملازم نے دو سال سے زائد عرصے تک تنخواہ نہ ملنے اور مسلسل ذہنی اذیت کے باعث پنچایت دفتر کے سامنے خودکشی کر لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خودکشی کرنے والے سرکاری ملازم کی شناخت چیکوسا نائیکا کے طور پر ہوئی ہے جو 2016 سے ہونگنورو گرام پنچایت میں پانی سپلائی کے ملازم کے طور پر کام کر رہا تھا۔

چیکوسا نائیکا کو گزشتہ 27 ماہ سے تنخواہ نہیں ملی تھی، اس نے کئی بار مقامی عہدیداروں سے تنخواہ کی ادائیگی کی درخواست کی اور حتی کہ خراب صحت کے باعث استعفی بھی جمع کروایا مگر متعلقہ حکام نے اس کی فریادوں کو نظر انداز کر دیا۔ سرکاری ملازم نے خودکشی سے قبل ایک خط بھی چھوڑا ہے، چیکوسا نے خط میں تحریر کیا کہ پنچایت ڈیولپمنٹ آفیسر اور گرام پنچایت کے صدر مسلسل اسے ذہنی طور پر ہراساں کرتے رہے، اگر وہ چھٹی مانگتا تو اسے متبادل ڈھونڈنے کے لیے کہا جاتا اور روزانہ صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک دفتر میں موجود رہنے پر مجبور کیا جاتا۔

(جاری ہے)

واقعے کے بعد پولیس نے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ضلعی پنچایت کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ڈیولپمنٹ آفیسر کو غفلت اور سروس رولز کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا۔

متعلقہ عنوان :