سندھ ہائی کورٹ نے ٹیرف اور ملٹی ایئر ٹیرف کے تعین سے متعلق کے الیکٹرک کی نیپرا کیخلاف مختلف درخواستیں مسترد کردیں

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) سندھ ہائی کورٹ نے نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے لئے ٹیرف اور ملٹی ایئر ٹیرف کے تعین سے متعلق کے الیکٹرک کی نیپرا کیخلاف مختلف درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیں ۔سندھ ہائیکورٹ میں نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے لئے ٹیرف اور ملٹی ایئر ٹیرف کے تعین سے متعلق کے الیکٹرک کی نیپرا کیخلاف مختلف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے لئے 2024-2030 کے ٹیرف اور ملٹی ایئر ٹیرف کا تعین کیا تھا۔ وزارت توانائی نے نیپرا کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست دائر کی ہے۔ کے الیکٹرک کے وکیل نے موقف دیا کہ نیپرا نے وزارت توانائی کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کردیا۔

(جاری ہے)

نیپرا نے وزارت توانائی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

وزارت توانائی وفاقی کابینہ کی اجازت کے بغیر اپیل دائر نہیں کرسکتے۔ نیپرا کو نظر ثانی کی درخواست کو اپیل میں تبدیل کرنے کا اختیار نہیں ہے۔کے الیکٹرک کے اعتراض کے باوجود نیپرا کی جانب سے درخواست کو اپیل میں تبدیل کرنے کے حکم نامہ فراہم نہیں کیا گیا۔ نہ ہی نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کے اعتراضات پر فیصلہ کیا گیا۔ نیپرا کو درخواستگزار کو اپیل سے متعلق دستاویزات کی فراہمی سے قبل فیصلے سے روکا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نیپرا نے اپیل پر فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ممکن ہے نیپرا درخواستگزار کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیدے۔ درخواستگزار کو نیپرا کے فیصلے کے خلاف اپیل کا حق حاصل ہوگا۔ نیپرا کی نظر ثانی درخواست پر فیصلے سے قبل درخواست قبل از وقت ہے۔ عدالت نے درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردیں۔