صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں اعلی سطح کےوفد کا چین کا دورہ

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2025ء) وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے تحت زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے وزیرِ زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی قیادت میں اعلی سطح کے وفد نے چین کا دورہ کیا۔ وفد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور دیگر اراکین شامل ہیں۔

وفد نے اپنے دورے کے دوران سینجنٹا چائنا ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں سینجنٹا چائنا کے صدر فو سو نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سینجنٹا چائنا کی جانب سے پنجاب میں کوالٹی سیڈ پروڈکشن کے لیے مکمل تعاون اور تکنیکی معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔وزیرِ زراعت نے کہا کہ پنجاب سے تل کی برآمد بڑھانے کے لیے سینجنٹا چائنا عملی اقدامات کرے گا۔

(جاری ہے)

مزید برآں سینجنٹا چائنا نے پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔وفد نے چین میں دنیا کی معروف ٹریکٹر ساز کمپنی وائی ٹی او کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر وزیرِ زراعت نے کہا کہ وائی ٹی او نے پنجاب میں جدید ترین زرعی مشینری کے پلانٹ کے قیام کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے معاہدہ طے کر لیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وائی ٹی او کا وفد جلد پنجاب کا دورہ کرے گا تاکہ تعاون کے مختلف پہلووں کو حتمی شکل دی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وائی ٹی او کے تحت مقامی سطح پر جدید زرعی مشینری اور ٹریکٹرز کی مینوفیکچرنگ سے فارم میکانائزیشن کو فروغ ملے گا اور کاشتکاروں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی۔