کمشنرفیصل آباد کی زیرصدارت کی پنجاب پورٹل پرآن لائن درخواستوں کو نمٹانے کی پیشرفت پر اجلاس

اتوار 19 اکتوبر 2025 17:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) کمشنرفیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت ای بز ، پنجاب پورٹل پرلائسنسز،رجسٹریشن اور پرمٹس کی آن لائن درخواستوں کو نمٹانے کی پیشرفت پر اجلاس منعقد ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز زینب جہانداد،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک مرتضی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو کاروباری سرگرمیوں کے لئے لائسنس کے تیز رفتار اجرا پر یقین رکھتی ہے، لہٰذا ای بز پورٹل پر اپلائی شدہ عوامی درخواستیں زیرالتوا نہیں رہنی چاہیئں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی لائسنس،پٹرول پمپ این او سی،کمرشلائزیشن فیس ودیگر این او سیز کو ترجیحی بنیادوں پرنمٹائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اس ضمن میں محکموں کی کارکردگی کو مانیٹر کریں اورضلعی سربراہان کوای بز کے حوالے سےحکومتی ترجیحات سے آگاہ کریں۔کمشنر نے کہا کہ ای بز پر اپلائی کے طریقہ کار اور پورٹل کی خصوصیات بارے عوامی آگاہی کا دائرہ وسیع کیا جائے۔سرکاری دفاتر میں اس سلسلے میں کاؤنٹر بھی قائم کئے جائیں۔کمشنر نے اضلاع میں فلڈ سروے کی پیشرفت پر بھی بریفنگ لی۔