ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کا نوشہرہ کا دورہ، جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

اتوار 19 اکتوبر 2025 17:40

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی ہدایت پر گزشتہ روز ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور نے تحصیل نوشہرہ کا دورہ کیا۔ افسران نے سب سےپہلےتاریخی نڑواڑی گارڈن کا معائنہ کیا اور جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور متعلقہ افسران و ٹھیکیدار بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نےہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں تیزی سے مکمل کی جائیں تاکہ نڑواڑی گارڈن کو جلد از جلد عوام کے لیے کھولا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ گارڈن کی بحالی سے مقامی شہریوں کو تفریح کی بہتر سہولت میسر آئے گی اور نوشہرہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

بلال حسن نے موقع پر موجود انجینئرنگ ٹیم کو ہدایت دی کہ پارک کی تزئین و آرائش میں معیار اور خوبصورتی کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے لائٹس، بینچز اور دیگر چیزوں کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کرنے کی تاکید کی۔بعد ازاں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل نے تحصیل کمپلیکس نوشہرہ کے جاری تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے نئے اے سی آفس بلاک، رہائشی عمارتوں اور گراﺅنڈز میں شجرکاری کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ افسران نے بلڈنگ افسران کو تاکید کی کہ عمارت کے اندر موجود معمولی نقائص کو فوری طور پر درست کیا جائے اور تمام دفاتر کو فنکشنل حالت میں لایا جائے۔

دورے کے اختتام پر ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ بلال حسن اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران نے ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر سے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں نڑواڑی گارڈن، تحصیل کمپلیکس، اور دیگر ترقیاتی منصوبوں بارے اپنے دورے سے آگاہ کیاگیا۔