ڈپٹی کمشنر ملتان کی جانب سے سموگ کے پیش نظر بھٹوں میں زِگ زَیگ ٹیکنالوجی کے نفاذ اور کارکردگی کا جائزہ

اتوار 19 اکتوبر 2025 19:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2025ء) ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے سموگ کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر ضلع بھر میں اینٹوں کے بھٹوں پر زِگ زَیگ ٹیکنالوجی کے نفاذ اور اس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر بھٹوں کا معائنہ کیا اور زِگ زَیگ ٹیکنالوجی سے کام کرنے والے بھٹہ مالکان کی کارکردگی کو سراہا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سموگ کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات میں مزید تیزی لائیں اور ایسے تمام بھٹے جو زِگ زَیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوئے، ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیات کی آلودگی اور سموگ میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سموگ سے بچاؤ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بھٹہ مالکان کو چاہیے کہ وہ حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں، کیونکہ روایتی بھٹے ماحولیاتی آلودگی اور سموگ میں اضافے کی بڑی وجہ بنتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ زِگ زَیگ ٹیکنالوجی سے نہ صرف آلودگی میں نمایاں کمی آتی ہے بلکہ ایندھن کی بچت اور اینٹوں کے معیار میں بہتری بھی ممکن ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :