فرانس،معروف میوزیم سے قیمتی شاہی زیورات کی چوری کا معاملہ، 60 تفتیش کاروں کی ٹیم تشکیل

پیر 20 اکتوبر 2025 11:20

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2025ء) فرانس کے معروف میوزیم ’’لوورے ‘‘ سے قیمتی شاہی زیورات چوری ہونے کے بعد فرانسیسی پولیس نے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے 60 تفتیش کاروں کی ٹیم تشکیل دے کر بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر دی ہے۔اے ایف پی کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ 8 نایاب شاہی زیورات اتوار کے روز دن دہاڑے میوزیم سے چوری کیے گئے۔

حکام نے بتایا کہ 60 تفتیش کاروں کی ایک ٹیم اس کیس پر کام کر رہی ہے اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی ایک منظم جرائم پیشہ گروہ نے پلاننگ کے تحت انجام دی،یہ واقعہ فرانس کے عجائب گھروں میں سکیورٹی کی کمی کے حوالے سے نئی بحث کو جنم دے رہا ہے۔وزیر داخلہ لورینٹ نونیز نے اعتراف کیا ہے کہ ملک کے عجائب گھر سکیورٹی کے لحاظ سے “ایک بڑی کمزوری” رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

تفتیش سے منسلک ذرائع کے مطابق چور اتوار کی صبح 9:30 سے 9:40 بجے کے درمیان میوزیم میں داخل ہوئے، انہوں نے فرنیچر لفٹ کے ذریعے اپولو گیلری جو شاہی کلیکشن کا مرکز ہے ، تک رسائی حاصل کی،پھر کٹنگ آلات کی مدد سے کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوئے اور نمائش میں رکھی ہوئی قیمتی اشیاء کے شیشے کے ڈبے کھولے۔ فرانسیسی نیوز چینلز پر میوزیم کے ایک وزیٹر کے موبائل فون سے بنائی گئی مختصر وڈیو نشر کی گئی ہے جس میں چوری کی کچھ جھلکیاں دکھائی گئیں۔

پولیس کے مطابق نقاب پوش چوروں نے 19ویں صدی کے نو زیورات چرا لیے، ان میں سے ایک ملکہ ایوجینی کا تاج ، ڈاکوئوں کے فرار کے دوران زمین پر گر کر ٹوٹ گیا۔پولیس نے کہا کہ چوروں کے فرار کے راستوں، سی سی ٹی وی فوٹیج اور سکیورٹی لاگز کا باریکی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ملوث گروہ تک پہنچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :