کمشنرسکھر کا سرسو ہیڈکوارٹرز کا دورہ ، مختلف یونٹس کا جائزہ لیا

منگل 21 اکتوبر 2025 13:38

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2025ء) کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سرسو کمپلیکس سکھر کا دورہ کیا دستکاریوں اور دیگر یونٹس کا معائنہ کیا ۔ کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی سرسو کمپلیکس پہنچے، سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) محمد ڈتل کلہوڑو نے انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سی ای او سرسو نے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کو ایس آر ایس او کمپلیکس سکھر کے ایڈمنسٹریشن یونٹ، کرافٹ پروڈکشن یونٹ، ٹریننگ ونگ و دیگر مختلف شعبوں کا تفصیلی دورہ کرایا، اور اپنے عملے کے ہمراہ کمشنر سکھر کو سکھر ریجن سمیت سندھ بھر میں سرسو کے کام کے متعلق تفصیلی آگاہی بھی دی۔

سی ای او محمد ڈتل کلہوڑو نے پسماندہ طبقے کی خواتین کو با اختیار کرنے، مختلف شہروں میں دستکاری مراکز کے قیام، ضرورت مندوں کو بلا سود آسان اقساط پر چھوٹے قرضوں کی فراہمی، صوبے بھر میں حکومت سندھ کی جانب سے ایس پی ایچ ایف پروگرام کے تحت سیلاب متاثرین میں گھروں کی تعمیر میں سرسو کے کردار سمیت مختلف ذمہ داریوں کے متعلق تفصیلی طور پر بریف کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے ایس آر ایس او کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس آر ایس او کی جانب سے کمیونٹی کا اعتماد حاصل کر لینا ایک بڑی حاصلات ہے، جبکہ حکومت سندھ کے تعاون سے سرسو کے ذریعے پسماندہ آبادی کے لوگوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی بھی ایک اچھی سہولت ہے جس سے لوگوں کو خودکفیل ہونے میں مدد مل رہی ہے۔ اس موقع پر کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی نے سی ای او سرسو سے اپنے کام کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے ساتھ مل کر ای پی آئی ، پولیو و ہیومن پیپیلوما وائرس کی ویکسی نیشن، دیہی علاقوں میں لوگوں میں حصول تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے سمیت خاندانی منصوبہ بندی پروگرام میں بچوں کے درمیان مناسب وقفہ رکھنے کے بارے میں بھی عوامی آگہی مہم میں حصہ بننے کے لیے سرسو کا رضاکارانہ کردار طلب کر لیا۔

کمشنر کی سماجی بہبود کی تجویز پر سی ای او سرسو نے عمل کی یقین دہانی کرائی۔ دورے کے دوران کمشنر سکھر نے خواتین کے سندھی ٹوپی، اجرک، لنگی، بھرت بھرے لباس اور دیگر دیدہ زیب دستکاری کی چیزوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ ہاتھ سے بنی ہوئی یہ تمام چیزیں دیہی علاقوں کی خواتین کے بے پناہ ٹیلنٹ کا زبردست اظہار ہیں۔ انہوں نے سرسو کمپلیکس کی عمارت کی تزئین و آرائش، ہریالی، صفائی ستھرائی اور نگرانی کے عمل کی بھی تعریف کی۔ آخر میں سی او سرسو کی جانب سے کمشنر سکھر ڈویژن عابد سلیم قریشی کو سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا جبکہ بطور یادگار سووینئر بھی پیش کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :