چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کا مالدیپ کا سرکاری دورہ، دفاعی و سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال

پیر 27 اکتوبر 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مالدیپ کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے مالدیپ کی قیادت سے ملاقاتوں میں بدلتے ہوئے علاقائی و عالمی سلامتی کے ماحول اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جن میں دوطرفہ دفاعی و سکیورٹی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو شامل تھی۔

پاکستان کے ہائی کمیشن کی جانب سے پیر کو موصول ہونے والے اعلامیہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیظو، وزیر دفاع محمد غسان مومون اور چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم حلمی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر برائے مالدیپ وائس ایڈمرل (ر) فیصل رسول لودھی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کی قیادت نے تاریخی برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات مشترکہ عقائد، باہمی احترام اور اعتماد کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔فریقین نے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے، فوجی سطح پر روابط کے فروغ اور مختلف شعبوں میں اشتراک عمل کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔مالدیپ کی سول و عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

دورے کے آغاز پر مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر جنرل ساحر شمشاد مرزا کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔بعد ازاں انہوں نے پاکستان کے ہائی کمیشن میں ہائی کمشنر فیصل رسول لودھی سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعاون کو تجارت، تعلیم، صحت، موسمیاتی تبدیلی، سیاحت، دفاع اور بحری سلامتی کے شعبوں تک وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔