جنرل ساحر شمشاد کی بنگلادیش کے آرمی چیف سے ملاقات

دفاعی تعاون بڑھانے، سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈے سے مشترکہ طور پر نمٹنے پر اتفاق پاکستان اور بنگلا دیش کی مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور ،آئی ایس پی آر

منگل 28 اکتوبر 2025 21:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2025ء) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ڈھاکا میں بنگلادیش کے آرمی چیف سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد بنگلادیش کے دورے پر ہیں۔

منگل کوانہوں نے بنگلا دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان سے آرمی ہیڈ کوارٹرز ڈھاکہ میں ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے امور پر بات چیت کی گئی جبکہ عسکری قیادت نے مختلف سطحوں پر وفود کے باقاعدہ تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔ملاقات میں ابھرتی ہوئی عالمی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور بنگلا دیش کی مسلح افواج کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا، جبکہ بات چیت میں مشترکہ تربیتی مشقوں اور انسداد دہشت گردی آپریشنز کے تجربات سے استفادے پر بھی بات چیت ہوئی۔ملاقات میں دونوں جانب سے نوٹ کیا گیا کہ متعدد پلیٹ فارمز سے تفرقہ انگیز اور گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں اس صورتحال میں پیدا ہونے والے چیلنجوں کا مل کر سامنا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اس کے علاوہ جعلی، جھوٹی معلومات اور پروپیگنڈے کے خطرات کا موثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے تعاون اور مشترکہ کوششوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔