شہباز شریف سے ملاقات طے پا گئی تھی ، بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹ نے معاملہ خراب کر دیا ، فواد چوہدری

جمعرات 18 دسمبر 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات طے پا گئی تھی ، بانی پی ٹی آئی کے ٹوئٹ نے معاملہ خراب کر دیا ۔ ایک انٹرویومیں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات طے ہوگئی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی کے ٹویٹ نے معاملہ خراب کر دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت کے لوگوں سے بات چیت ہوئی وہ چاہتے ہیں ٹمپریچر نیچے آئے، 3 فریق ہیں 3 سال سے جاری لڑائی کا ایک پہلو سیاسی ہے، عمران خان کے بیانیے کے سامنے حکومتی بیانیہ نہیں کھڑا ہو پا رہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کی سینئر لیڈر شپ سے رابطہ ہے، ہمارا ماننا یہ ہے کہ پہلے بات چیت کیلئے ماحول پیدا کریں، بات چیت کرنے والی لیڈر شپ اس وقت کوٹ لکھپت میں قید ہے، سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر جیسے لوگوں کو عمران خان نہیں جانتے اور نہ یہ ان کو جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک قدم حکومت آگے بڑھائے اور ایک قدم بانی پی ٹی آئی پیچھے ہٹائیں، اوورسیز بھی کہتے ہیں سیاسی درجہ حرارت نیچے آئے تو ایک ملین ڈالر 6 ماہ میں انویسٹ کریں گے، حکومت کے سینئر وزرا کی خواہش ہے چیزیں بہتر ہونی چاہئیں لیکن اسٹیبلشمنٹ، عمران خان اور حکومت تینوں فریق سے بات نہ ہو تو معاملہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔

انہوںنے کہاکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید رہنماؤں کو ریلیف دیں تو بات چیت کا ماحول بن سکتا ہے، جو لیڈرشپ اس وقت بات کر سکتی ہے وہ کوٹ لکھپت میں قید ہے، شاہ محمود قریشی، اعجاز چوہدری، عمر چیمہ، یاسمین راشد اور محمود الرشید جیسے لوگوں کو ریلیف دیا جائے۔فواد چوہدری نے کہا کہ سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور حکومت نے 3 بار الیکشن کا وقت دیا تھا تاہم نہیں ہوئے، عمران خان کو لگنے لگا کہ یہ ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رہے ہیں، میری نظر میں قمر جاوید باجوہ سے معاملہ صرف یہ تھا کہ پی ٹی آئی نامقبول ہے اور اگلی ایکسٹینشن ن لیگ سے لینی ہے۔