پنجاب اسمبلی کوئی چوراہا نہیں تھا جہاں جو چاہے گھس جائے‘ عظمیٰ بخاری

پیر 29 دسمبر 2025 23:01

پنجاب اسمبلی کوئی چوراہا نہیں تھا جہاں جو چاہے گھس جائے‘ عظمیٰ بخاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور صرف انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا انتظار ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام ضمنی انتخابات مسلم لیگ (ن) نے جیتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد ہوں تاکہ عوام کو ان کی حقیقی سیاسی ترجیحات کا موقع ملے۔

عظمی بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنے جمہوری حقوق استعمال کرنے کا پورا حق ہے، لیکن پنجاب اسمبلی میں صرف 30 افراد کی فہرست جمع کروائی گئی تھی، پنجاب اسمبلی کوئی ایسا چوراہا نہیں تھا جہاں جو چاہے گھس جائے۔انہوں نے بتایا کہ جو لوگ سہیل آفریدی کے ساتھ آئے، انہوں نے گارڈ کو دھکے دیے، دروازے توڑے اور زبردستی اندر گھس گئے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا، "یہ لوگ انسانوں کی طرح سیاسی سرگرمیاں کیوں نہیں کر سکتی"عظمی بخاری نے مزید کہا کہ اسمبلی حدود میں استعمال ہونے والی زبان کے باوجود حکومت نے ردعمل نہیں دیا، جبکہ سروس ایریا میں محسن نقوی کے خلاف شفیع جان نے غیر مناسب زبان استعمال کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت کارروائی کرتی تو کہا جاتا مہمانوں کی توہین کی گئی، اور اگر نظر انداز کیا تو بھی ہمارا جرم قرار دیا جاتا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ لوگ مطالعاتی دورے کے لیے لاہور آئے تھے۔ یہ لوگ مذاکرات یا شفاف کارروائی میں دلچسپی نہیں رکھتے، بلکہ صرف این آر او چاہتے ہیں۔