لاہورمیں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی

جمعہ 2 جنوری 2026 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2026ء) لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 اور کم سے کم 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 95 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم سرد اور خشک رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور ملک کے بڑے شہروں میں چوتھے نمبر پر ہے، جہاں آلودگی کی شرح 177 ریکارڈ کی گئی ہے۔دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ ملکہ کوہسار میں برفباری نے سیاحوں کی موجیں بڑھا دی ہیں۔ گلیات کے پہاڑ سفید چادر اوڑھ چکے ہیں، لواری ٹنل میں ڈیڑھ سے دو فٹ تک برف پڑ چکی ہے، چترال میں 28 انچ اور استور کے کئی علاقوں میں دو فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چلاس اور اپر دیر کے پہاڑ بھی سفید ہو گئے ہیں۔شدید برفباری کے باعث بٹگرام اور دیگر علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں جبکہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں تیسری روز بھی برفباری جاری ہے اور اڑنگ کیل چیئر لفٹ پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے۔ مظفرآباد اور گردونواح میں بوندا باندی ریکارڈ کی گئی ہے۔بلوچستان میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی، جبکہ لاہور میں آسمان پر بادلوں کا بسیرا رہا اور یخ بستہ ہواؤں سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔