اکرم خان درانی کالج میں کثیر المقاصد سپورٹس فیسٹیول کا اعلان، تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں

پیر 26 جنوری 2026 19:25

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2026ء) اکرم خان درانی کالج کے پرنسپل ملک اخیاء جان خان نے کہا کہ کالج میں عنقریب ایک وسیع و عریض سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا اس فیسٹیول کا مقصد طلباء و طالبات میں کھیلوں کی رغبت کو فروغ دینا اور ان کی صحت مندانہ سرگرمیوں میں شرکت کو یقینی بنانا ہے پرنسپل ملک اخیاء جان خان نے بتایا کہ اس سپورٹس فیسٹیول میں کرکٹ، والی بال، باسکٹ بال، ہاکی کے ساتھ ساتھ جوڈو کراٹے جیسے مارشل آرٹس کے مقابلے بھی شامل ہوں گے انہوں نے کہا کہ یہ اقدام طلباء کی جسمانی صلاحیتوں کو نکھارنے ان میں نظم و ضبط اور ٹیم اسپرٹ کو پروان چڑھانے کے لیے اٹھایا گیا ہے انہوں نے مزید بتایا کہ فیسٹیول کی تیاریوں کے سلسلے میں کالج میں تزئین و آرائش اور کھیلوں کے مقامات کو بہتر بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے تاکہ شرکاء کو بہترین سہولیات میسر آسکیں کالج انتظامیہ کا خیال ہے کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف طلباء کی تعلیمی کارکردگی پر مثبت اثر ڈالتی ہیں بلکہ ان میں چھپی ہوئی کھیلوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانے کا بہترین ذریعہ ہیں طلبا حلقوں میں اس اعلان کو گرمجوشی کے ساتھ سراہا گیا ہے اور وہ کالج میں ہونے والے اس پہلے بڑے سپورٹس فیسٹیول کے منتظر ہیں ماہرین تعلیم کا ماننا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی ایسی سرگرمیاں نوجوان نسل کی شخصیت کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔