پاک فوج صرف ایک ادارہ نہیں، قوم کے وقار، سلامتی اور بقاکی علامت ہے،طارق فضل

ہماری پرسکون نیند اور آزادی سرحدوں پر تعینات جوانوں کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے، وفاقی وزیر

منگل 14 جولائی 2026 18:45

پاک فوج صرف ایک ادارہ نہیں، قوم کے وقار، سلامتی اور بقاکی علامت ہے،طارق ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2026ء) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج صرف ایک ادارہ نہیں، قوم کے وقار، سلامتی اور بقا کی علامت ہے،ہماری پرسکون نیند اور آزادی سرحدوں پر تعینات جوانوں کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ منگل کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برف پوش چوٹیوں، ریگستانوں اور دہشت گردی کے خلاف محاذ پر جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

(جاری ہے)

شہداکے لہو سے لکھی گئی تاریخ کو کسی سیاسی بیان، طنز یا تمسخر سے نہیں مٹایا جا سکتا،عظیم قربانیوں کی قدر کسی صورت کم نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے سب کا حق، لیکن وطن کے محافظوں کی عزت اور شہداکے خون کا احترام مشترکہ ذمہ داری ہے، جب بھی وطن نے پکارا، پاکستان کے سپوتوں نے پاکستان پہلے کا عملی ثبوت دیا۔ شہدا کی لازوال قربانیوں کی بدولت ہی آج پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداکے درجات بلند کرے، غازیوں کو صحت دے اور ملک کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔