این ڈی ایم اے، یونیسف اور پاکستان گرل گائیڈز کا آفات سے نمٹنے کے لیے خصوصی پروگرام متعارف، نوجوان لڑکیوں کے لیے ڈی آر آر بیجز کا اجرا

جمعہ 30 جنوری 2026 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2026ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای)، یونیسف اور پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن (پی جی جی ای) نے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لیے ایک خصوصی پروگرام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت رضاکاروں کو متحرک کیا جائے گا اور انہیں ہنگامی حالات میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔

اس پروگرام کے تحت رضاکاروں کی راہنمائی، باہمی معاونت اور خطرات سے نمٹنے کے لیے مخصوص ڈی آر آر بیجز اور رہنما اصول جاری کیے گئے ہیں۔ ان بیجز کا مقصد نوجوان لڑکیوں کو علاقائی سطح پر رضاکارانہ اقدامات کے لیے تیار کرنا ہے تاکہ سیلاب، زلزلہ، ہیٹ ویو اور دیگر ہنگامی صورتحال کے دوران خواتین اور لڑکیوں کو درپیش مسائل کا بروقت اور مؤثر حل ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈی آر آر بیج پروگرام کے لیے تیار کیے گئے رہنما اصولوں کے ذریعے مقامی خطرات کی نشاندہی، ابتدائی وارننگ سسٹمز اور محفوظ ردِعمل سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس حوالے سے تقریب این ڈی ایم اے کے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں رانا مشہود احمد خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں شرکائ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان گرل گائیڈز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گرل گائیڈز نے امدادی سرگرمیوں، ابتدائی طبی امداد، حفظانِ صحت سے متعلق آگاہی اور نفسیاتی معاونت کے شعبوں میں ہمیشہ مؤثر خدمات انجام دی ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ 26 سے 30 جنوری کے دوران ڈی آر آر بیج پروگرام کے تحت 59 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کی گئی ہے جو آئندہ ملک بھر میں اس پروگرام کو فروغ دیں گے اور کمیونٹی سطح پر استعداد بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔این ڈی ایم اے، یونیسف اور پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن نے نوجوانوں اور خواتین کو آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لیے بااختیار بنانے کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔