آزاد جموں وکشمیر بار کونسل کے آن لائن پورٹل کا افتتاح کر دیاگیا

وکلا برادری کی فلاح و بہبود کیلئے بار کونسل کو فراہم کی گئی ایک کروڑ کی خصوصی گرانٹ کا چیک بھی حوالے

جمعہ 30 جنوری 2026 21:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2026ء) وزیر خزانہ و ان لینڈ ریونیو آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری قاسم مجید نے آزادجموں وکشمیر بار کونسل کے آن لائن پورٹل کا افتتاح کر دیا۔وزیرخزانہ نے اس موقع پر حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے وکلا برادری کی فلاح و بہبود کے لیے بار کونسل کو فراہم کی گئی ایک کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا چیک بھی بار کونسل کے حوالے کیا گیا۔

وائس چیئرمین بار کونسل محمد طارق بشیر ایڈووکیٹ، سینئر وکلا کی بھی اس موقع پر بڑی تعداد موجودتھی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر وکلا برادری کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی پیشہ ورانہ سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بار کونسل کا آن لائن پورٹل ایک جدید اور اہم اقدام ہے جس سے وکلا کو رجسٹریشن، معلومات تک رسائی اور دیگر انتظامی امور میں سہولت حاصل ہو گی، جبکہ شفافیت اور کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وکلا معاشرے میں آئین و قانون کی بالادستی، انصاف کی فراہمی اور عوام کے حقوق کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے حکومت ان کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت آزاد کشمیر آئندہ بھی وکلا برادری کے لیے مالی و انتظامی معاونت جاری رکھے گی۔اس موقع پر آزادجموں وکشمیر بار کونسل کے عہدیداران نے وزیر خزانہ اور حکومت آزاد کشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن پورٹل اور مالی معاونت وکلا برادری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جو ادارے کی کارکردگی کو مزید موثر بنائے گی۔