ضیا الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کی جانب سے ایس ایس سی اور ایچ ایس ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد

جمعرات 12 فروری 2026 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2026ء) کراچی : ضیا الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات 2025 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس سی پارٹ 2 اور ایچ ایس ایس سی پارٹ 2 برائے سال 2025 کے اعلی پوزیشن ہولڈرز کو اسناد اور تمغوں سے نوازا گیا۔

تقسیم انعامات کے موقع پر سیکریٹری جامعات و تعلیمی بورڈز محمد عباس بلوچ نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار کامیابیاں آپ کی محنت، نظم و ضبط اور اعلی معیار کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔ ہمیشہ بلند مقاصد کا تعین کریں، اپنی توجہ مرکوز رکھیں اور یاد رکھیں کہ یہ کامیابیوں کے ایک طویل سفر کا صرف آغاز ہے۔انہوں نے ضیا الدین یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عاصم حسین کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ میرٹ، شفافیت اور اعلی تعلیمی معیار پر مبنی امتحانی بورڈ کا قیام ڈاکٹر عاصم حسین کا خواب تھا، جو آج ایک کامیاب حقیقت بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ضیا الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ سندھ کے جدید اور کامیاب بورڈز میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔اس موقع پر ضیا الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کی چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر ندا حسین نے بھی اعلی پوزیشن ہولڈرز میں تمغے اور اسناد تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی کامیابی نظم و ضبط، استقامت اور محنت کا نتیجہ ہے۔

یہ صرف آغاز ہے اور آپ کو ابھی بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔قبل ازیں، اپنے خطبہ استقبالیہ میں ضیا الدین یونیورسٹی امتحانی بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر انصار کا کہنا تھا کہ تعلیم اپنے تین ستونوں والدین، اساتذہ اور طلبہ جو ہماری قوم کا حقیقی اثاثہ ہیں کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں پہلی بارکوڈ سسٹم، کیو آر کوڈ کے ذریعے تصدیق اور سو فیصد مارکنگ کا نظام متعارف کرانے کا اعزاز بھی ضیا الدین یونیورسٹی بورڈ کو حاصل ہے، جس سے شفافیت، کارکردگی اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا گیا ہے۔تقریب کے اختتام پرشرکاہ کی جانب سے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارک باد بھی دی گی۔