راجن پور ،پاکستان اور کسان کی بقا اگیتی کپاس کی کاشت اور کپاس کی بحالی میں ہے، سیمینار سے مقررین کا خطاب

بدھ 18 فروری 2026 18:16

راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2026ء) ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول نےجام پور میں اگیتی کپاس کی بوائی کا افتتاح اور کاٹن میگا سیمینار میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق، وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر، سیکرٹری زراعت پنجاب کی زیر نگرانی محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ راجن پور کے زیر اہتمام ڈاکٹر عامر رسول ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب کی قیادت میں پنجاب بھر میں کپاس کی اگیتی کاشت کے فروغ ، کاشتکاروں کو ترغیب دینے اور ان کی تربیت کیلئے عظمت والا تحصیل جام پور ضلع راجن پور میں مختیار نواز ڈینہ سابق ناظم یونین کونسل عظمت والا کے ڈیرے پر کپاس کے ایک میگا کاٹن سیمینار سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

جس میں زرعی ماہرین نے اس اہمیت پر زور دیا کہ پاکستان اور کسان کی بقا اگیتی کپاس کی کاشت اور کپاس کی بحالی میں ہے۔ سیمینار میں کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر اگیتی کپاس کی کاشت کرنے کی ترغیب دی گئی۔جس میں اگیتی کاشت کیلئے کسانوں کو اچھے ٹرپل جین بیج کی اقسام کی کاشت سے لے کر زمین کی تیاری ، آبپاشی ، کھادوں کے استعمال ، جڑی بوٹیوں کے تدارک، نقصان دہ کیڑے مکوڑوں اور بیماریوں سے کنٹرول بارے آگاہی دی گئی۔

سیمینار میں ترقی پسند کاشتکاروں سمیت کپاس کی کاشت کرنے والے بڑے زمینداروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کاشتکاروں کو اگیتی کپاس کی بھرپور پیداوار اور زبردست نفع کیلئے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر 31 مارچ سے پہلے کاشت مکمل کرنے اور حکومتی سفارشات پر عمل کرکے اس کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار میں زرعی ماہرین عبد الحئی عابد ڈویژنل ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ڈیرہ غازی خان ، راحت حسین راشد ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ ضلع راجن پور ، ڈاکٹر محمد صدیق ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ راجن پور ، محمد زبیر اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ جام پور وقار الہی سائینٹیفک آفیسر سوائل فرٹیلیٹی نے حکومتی سفارشات اور جدید اور اہم زرعی معلومات سے آگاہی دی۔

سیمینار سے نمائندہ وزیر معدنیات سردار شیر علی خان گورچانی و سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی جام پور محمد اکرم قریشی اور نامور ترقی پسند کاشتکار مرزا سلطان سکندر نے خطاب کیا۔ سیمینار میں حاجی عبدالحمید قریشی ، عبدالشفیق جتوئی ، آصف سراج ، معظم سراج، لیاقت نواز ڈینہ سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ میگا سیمینار کے اختتام پر جملہ کاشتکاروں نے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر اگیتی کپاس کاشت کرکے بھرپور پیداوار حاصل کرکے اپنی اور ملکی معیشت کی بہتری کے عزم کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر عامر رسول ڈائریکٹر جنرل پیسٹ وارننگ محکمہ زراعت پنجاب لاہور نے عظمت والا تحصیل جام پور میں عبدالقیوم نواز ڈینہ کے فارم پر اگیتی کپاس کی بوائی کا افتتاح کیا۔ کاشت کار نے پیسٹ وارننگ محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق ٹرپل جین بیج کی بوائی کیلئے 20 ایکڑ رقبہ تیار کیا ہوا تھا اور کھیلیوں کا رخ بھی شمالاً جنوباً رکھا ہوا ہے۔ قیوم نواز ڈینہ نے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کرنے اور دوسرے کاشت کاروں کو زیادہ سے زیادہ رقبہ پر اگیتی کاشت کی ترغیب دینے کے عزم کا اظہار کیا۔

دورہ کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ پنجاب نے فیلڈ سٹاف کو زیادہ سے زیادہ کاشتکاروں کی رہنمائی کرنے اور کپاس کی اگیتی کاشت کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی۔\378