گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے سنڈیکیٹ کے 23ویں اجلاس کا انعقاد

جمعرات 5 مارچ 2026 22:48

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2026ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے سنڈیکیٹ کے 23ویں اجلاس کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔جاری پریس ریلیز کے مطابق گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے سنڈیکیٹ کا 23واں اجلاس 4 مارچ 2026کو پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن لاہور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بطور چیئرپرسن سنڈیکیٹ/پرو چانسلر کی۔

اجلاس میں،چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد، پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا ،ممبر ہائر ایجوکیشن کمیشن ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر سمیت سنڈیکیٹ کے تمام معزز اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے اہم انتظامی، مالی اور تعلیمی امور سے متعلق مختلف ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

سنڈیکیٹ نے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی اور اکیڈمک کونسل کی سفارشات کی منظوری دی جبکہ مختلف انتظامی و تعلیمی امور، تقرریوں اور یونیورسٹی کی ترقی سے متعلق معاملات پر بھی فیصلہ سازی کی گئی۔ اجلاس میں علامہ اقبال کلچرل اینڈ ریسرچ سینٹر اور سیالکوٹ سنٹر آف ایکسیلنس فار انو ویشن اینڈ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کے قیام سمیت دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور تمام ممبران نے علامہ اقبال کلچرل اینڈ رریسرچ سنٹر کے قیام کی منظوری دینے کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کو خوب سراہا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے سنڈیکیٹ کے تمام معزز اراکین کا اجلاس میں شرکت اور یونیورسٹی کی ترقی کے لیے قیمتی آراء دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بالخصوص رجسٹرار اعجاز احمد اور ان کی ٹیم کی اجلاس کی بہترین تیاری اور کامیاب انعقاد پر کاوشوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔وائس چانسلر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سنڈیکیٹ کے فیصلوں کی روشنی میں یونیورسٹی کو تدریس، تحقیق اور انتظامی امور میں مزید ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔