پشاور، تھانہ یونیورسٹی کیمپس کی لیڈیز پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی، گھر سے چوری میں ملوث ملزمان گرفتار

جمعرات 5 مارچ 2026 22:17

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2026ء) پشاور کے تھانہ یونیورسٹی کیمپس کے ایس ایچ او آصف علی خان نے ایس آئی لیاقت شاہ تفتیشی ٹیم اور لیڈیز پولیس کے ہمراہ کامیاب کارروائی کے دوران پروفیسر کالونی میں گھر سے چوری کی واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا۔ ترجمان کیپٹل سٹی پولیس پشاور کے مطابق گرفتار ملزمان میں گھر کی نوکرانی مسماۃ (ص) دختر ظاہر شاہ ملوث نکلی۔

جس نے اپنی بہن مسماۃ (س) اور ملزم حسین علی کے ہمراہ گھر سے قیمتی طلائی زیورات اور غیر ملکی کرنسی چوری کی۔ واقعہ کے حوالے سے مدعی پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد نے تھانہ یونیورسٹی کیمپس پولیس کو گھر سے چوری کی رپورٹ کی تھی، جس پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔ جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کے دوران کامیاب کارروائی کے دوران 24 گھنٹوں کے اندر اندر ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے چوری کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے طلائی زیورات بیچنے کے عوض حاصل شدہ رقم تین لاکھ 54 ہزار روپے اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ خواتین ملزمان کو مزید تفتیش کی خاطر وومن پولیس سٹیشن منتقل کردیا گیا ہے، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :