عید اور یومِ پاکستان تعطیلات ،ڈی ایچ کیو ہسپتال نارووال میں 5695مریضوں کو طبی سہولیات فراہم

منگل 24 مارچ 2026 19:08

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2026ء) عید الفطر اور یوم پاکستان کی تعطیلات کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال نارووال میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہا اور مجموعی طور پر 5695مریضوں کو ایمرجنسی وارڈز میں طبی امداد اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔19مارچ سے 23مارچ شام تک ایمرجنسی وارڈ میں 5007مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات فراہم کی گئیں،پیڈیا ایمرجنسی میں 274بچوں کا علاج معالجہ کیا گیا،ٹراما سینٹر میں 357مریضوں کو مختلف قسم کی طبی امداد فراہم کی گئی اس کے علاہ گائنی ڈیپارٹمنٹ میں 37نارمل ڈلیوری اور 20سی سیکشن بھی کیے گئے۔

اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر محمد افضال راجپوت کا کہنا ہے کہ تمام ڈاکٹرز ،فارماسسٹ،نرسنگ سٹاف،پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر ورکرز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تعطیلات کے دوران اپنی پیشہ وارانہ خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میں دکھی انسانیت کی خدمت اور دیکھ بھال کو اپنا شعار بنائے رکھا جو کہ ان کے ناقابل یقین عزم ،شفقت اور پیشہ ورانہ امور کیساتھ لگن اور اعتماد کا اظہار ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے وژن کے مطابق،ڈپٹی کمشنر محمد طیب خان کی ہدایات اور میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد افضال راجپوت کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال نارووال دکھی انسانیت کو صحت کی دستیاب تمام بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی میں دن رات کوشاں ہے۔