لبنان میں اسرائیلی حملے، صحافی نشانہ بن گئے، صحافیوں کی مذمت

ڈی یو جے اور پی پی سی کے راہنمائوں رائو مشتاق قادر اور وسیم احمد غوری کی سخت مذمت

اتوار 29 مارچ 2026 12:25

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2026ء) لبنان میں اسرائیل کے میڈیا پر ٹارگٹ حملوں میں خاص طور پر صحافیوں کو نشانہ بنانے کے واقعات نے عالمی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے، گزشتہ ایک ماہ کے دوران کم از کم پانچ صحافی شہید ہو چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تازہ ترین واقعہ میں جنگی صورتحال کی کوریج کرنے والی میڈیا گاڑی پراسرائیلی حملے میں تین صحافی علی شعیب ، فاطمہ اور محمد فطونی جو ٹی وی چینلز کے رپورٹرز اور کیمرہ مین تھے وہ موقع پر شہید ہو گئے جسے عالمی تنظیمیں آزادی صحافت پر حملہ قرار دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس ضلع اوکاڑہ کے ضلعی صدر راؤ مشتاق قادر خاں نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی اور جنگی جرم ہے۔ پنجاب پریس کلب رجسٹرڈ کے ضلعی چیئرمین وسیم احمد غوری نے بھی اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عالمی ادارے اسرائیل کے اس جنگی جرم کا فوری نوٹس لیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے کیونکہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانا عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شہری و صحافتی حلقوں نے بھی اس واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔