کراچی، گیارہویں جماعت کے طلبہ کے لیے موک امتحانات کے انعقاد کا اعلان

جمعہ 17 اپریل 2026 16:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2026ء) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو کی سرپرستی اور محمد عمران چشتی کی ہدایات پر، آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن اور سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن(سپلا)کے اشتراک سے جماعت گیارہویں (XI) کے طلبہ کے لیے موک(آزمائشی)امتحانات کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔

موک امتحان محدود تعداد میں لیا جائے گا جس کا ایک مقصد طالبعلموں میں نئے امتحانی طریقے سے آگاہی حاصل کرنا ہے اور دوسرا مقصد امتحانی عمل میں شامل ہر ہر ذمہ دار کو ڈیجیٹائزڈ انتظامی امور کو عملی طور پر ایک مشق کرانا ہے۔ شرکت کے لئے گوگل فارم جاری کیا گیا ہے جس کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر امتحانی مرکز منتخب کر کے جمع کرانے والے طالبعلموں کو فرضی ایڈمٹ کارڈ آن لائن فراہم کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

باقی تمام طالبعلموں،اساتذہ اور پرنسپلز کے لیے مکمل رہنمائی کی وڈیوز بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جا رہی ہیں۔جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فزکس کا امتحان 21 اپریل جبکہ بوٹنی کا امتحان 22 اپریل کو منعقد ہوگا۔ دونوں پرچے صبح 10:00 بجے سے لیے جائیں گے۔جبکہ صرف رجسترڈ طلبہ و طالبات کو اپنے امتحانی مرکز پر 9:30 تک پہنچناہوگا۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ یہ موک امتحانات مکمل طور پر بورڈ پیٹرن کے مطابق ہوں گے اور اس میں جدید ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کو بھی شامل کیا جائے گا۔ سوالنامے اور جوابی کاپیاں امتحان کے روز براہِ راست بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کی جانب سے فراہم کی جائیں گی۔ مزید برآں ہر طالب علم کو بورڈ کی جانب سے فرضی ایڈمٹ کارڈ جاری کیا جائے گا، جبکہ امتحانات کا انعقاد مکمل طور پر بورڈ کی نگرانی میں ہوگا۔

کراچی میں ان موک امتحانات کے لیے پانچ امتحانی مراکز مقرر کیے گئے ہیں، جن میں فاطمیہ کالج، نمائش چورنگی (بوائز اینڈ گرلز )کو ماڈل امتحانی مرکز کی حیثیت حاصل ہوگی۔ دیگر مراکز میں سرسید گرلز کالج (گرلز)،گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج گلستانِ جوہر ( بوائز)، دی کیسپین کالج گلبرگ(بوائز اینڈ گرلز) اور میریٹوریس کالج پی سی ایچ ایس(بوائز اینڈ گرلز)شامل ہیں۔

چیئرمین بورڈ فقیر محمد لاکھو، محمد عمران چشتی اور کنٹرولر زرینہ راشد نے ڈیجیٹل اٹینڈینس مینجمنٹ سسٹم( DAMS ) اور ماک امتحان کو وقت کی لازمی ضرورت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز نئے طریقہ کار کو سنجیدگی سے انجام دیں گے۔سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس نے نئے طریقہ امتحان اور ماک امتحان کو طالبعلموں اور اساتذہ کے لیے انتہائی مفید قرار دیاہے۔

آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید حیدر علی کے مطابق یہ موک امتحانات طلبہ کو بورڈ امتحانات کے نئے پیٹرن اور ڈیجیٹل طریقہ کار سے روشناس کروانے میں اہم کردار ادا کریں گے اور ان کی تیاری کو مزید موثر بنائیں گے۔موک امتحان کے فوکل پرسن پروفیسر توصیف شاہ ہوں گے۔