مویشی چوری میں ملوث چار رکنی گینگ اور قمار بازی میں مصروف چھ افراد کو گرفتار

پیر 20 اپریل 2026 17:36

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2026ء) اٹک پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف دو الگ الگ کارروائیوں میں مویشی چوری میں ملوث چار رکنی گینگ اور قمار بازی میں مصروف چھ افراد کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ بسال پولیس نے مویشی چوری کی واردات میں ملوث ایک چار رکنی گینگ کو گرفتار کر کے چوری شدہ مال مویشی کی مد میں تین لاکھ روپے برآمد کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق 20 جنوری 2026 کو محمد اخلاق سکنہ مٹھیال تحصیل جنڈ نے تھانہ بسال میں درخواست دی کہ اس کے ڈیرے سے رات کے وقت نامعلوم چور چار جانور چرا کر لے گئے ہیں۔ درخواست موصول ہونے پر پولیس نے فوری مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔ جدید تفتیشی ذرائع استعمال کرتے ہوئے پولیس ٹیم نے مویشی چوری میں ملوث چار رکنی گینگ کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں قائم علی، مسلم علی، آسین علی اور رفیق حسین شامل ہیں جو خیبرپختونخواہ کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے دورانِ تفتیش ملزمان سے چوری شدہ جانوروں کی مد میں تین لاکھ روپے برآمد کر لیے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب تھانہ صدر حسن ابدال پولیس نے قمار بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ افراد کو گرفتار کر لیا اور داؤ پر لگی 70 ہزار روپے رقم قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کے مطابق دورانِ گشت مخبرِ خاص نے اطلاع دی کہ برہان لنک روڈ کے قریب کھلے کھیتوں میں چند افراد تاش کے ذریعے قمار بازی میں مصروف ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریڈ کیا تو ملزمان قمار بازی میں مصروف پائے گئے۔ پولیس کو دیکھ کر انہوں نے بھاگنے اور داؤ پر لگی رقم آپس میں غلط ملط کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے چھ افراد کو موقع پر گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کی شناخت عبدالوحید ولد حکیم، سعید خان ولد اکرم خان، افتخار احمد ولد امیرداد خان، صداقت علی، امیر افسر اور عامر ولد محمد ریاض کے نام سے ہوئی، جو برہان تحصیل حسن ابدال ضلع اٹک کے رہائشی ہیں۔