وزیراعلیٰ كی سکیم کے تحت سبسڈی پر دیئے جانے والے زرعی آلات ڈسکہ میں تیاری کیے جاتے ہیں،عارف باجوہ، شہنازغنی

بدھ 29 اپریل 2026 13:00

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2026ء) ڈسکہ انجینئرنگ اینڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے صدر و سپر ہمدرد ایگرو انجینئرنگ کے چیف ایگزیکٹو محمد عارف باجوہ اور شاداب انڈسٹری سرکلر روڈ ڈسکہ کے چیف ایگزیکٹوحافظ شہناز غنی نے کہا ہے کہ ڈسکہ سیالکوٹ کی تحصیل کا درجہ رکھتا ہے، وزیراعلیٰ كی جاری سکیم کے تحت سبسڈی پر دیے جانے والے زرعی آلات کی ڈسکہ میں تیاری کی جاتی ہے، یہاں ہر قسم کے زرعی آلات تیار کیے جاتے ہیں اور یہاں پورے پاکستان سے کسان خریداری کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی خبررساں ادارے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔ محمد عارف باجوہ نے کہا کہ سپر ہمدرد ایگرو انجیئنرنگ نے 1963 میں کام آغاز کیا، ہم کسانوں کو زرعی مشینری فراہم کررہے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کسانوں کےلئے سبسڈی پر زرعی آلات فراہم کررہی ہیں جو ہماری انڈسٹری تیار کررہی ہے ، وزیراعلیٰ سموگ پروگرام کے تحت مشینری میں پاک سپر سیڈر ، ڈسک ہیرو ، ڈسک پلو اور روٹاویٹر وغیرہ شامل ہیں جو کسانوں دیے جارہے ہیں جو احسن قدم ہے جس سے زمیندار بھی خوش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف سموگ پروگرام کےلئے اہم ہے بلکہ اجناس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ حافظ شہناز غنی نے بتایا کہ ہماری انڈسٹری میں اس وقت ریپرمشین، ڈسک پلو، روٹاویٹر، ہل اور جتنے بھی زرعی آلات ہیں آرڈر پر تیار کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسکہ انڈسٹری کا ایک معیار ہے جس کی وجہ سے پورے پاکستان سے لوگ یہاں آکر خریداری کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کےلئے سپر سیڈر جو کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے متعارف کرایا ہے وہ بھی ہم تیار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کسانوں کےلئے زرعی آلات پر سبسڈی فراہم کررہی ہے جو خوش آئند قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت زیادہ تر ہم گندم سے توڑی اور بھوسہ علیحدہ کرنے کےلئے تھریشر اور روٹاویٹر تیار کررہے ہیں جن کی ان دنوں گندم کے سیزن میں ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے۔

اسی طرح شاداب انڈسٹری پر آئے ایک ڈسکہ کے کسان ساجد ساہی نے بتایا کہ میں خود بھی ڈسکہ کے زرعی آلات کو ترجیح دیتا ہوں اور یہاں پر شمالی پنجاب، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا سے آنے والے کسان ڈسکہ کے زرعی آلات کو ہی ترجیح دیتے ہیں کیونکہ یہاں کے بنے آلات زیادہ عرصے تک چلتے ہیں ، جدید ہوتے ہیں ،معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جاتا اور خراب نہیں ہوتے۔