صوبائی وزیر کھیل کی 11 سالہ پاکستانی شطرنج کے کھلاڑی سعد جہانگیر منج کو ارینا انٹرنیشنل ماسٹر کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد

بدھ 29 اپریل 2026 20:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2026ء) صوبائی وزیر کھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے 11 سالہ پاکستانی شطرنج کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی سعد جہانگیر منج کو ارینا انٹرنیشنل ماسٹر کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی ہے ، صوبائی وزیر کھیل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ورلڈ چیس فیڈریشن (ایف آئی ڈی ای) کی جانب سے سعد جہانگیر منج کو یہ اعزاز دیا جانا پاکستان کیلئے باعث فخر ہے، کم عمری میں اس ٹائٹل حاصل کرنا سعد جہانگیر کی محنت، لگن اور غیرمعمولی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، سعد جہانگیر منج نے نہ صرف اپنی بہترین کارکردگی سے پاکستان کا نام روشن کیا بلکہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک روشن مثال بھی بنے ہیں۔

سعد جہانگیر نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر اہتمام ہونے والی چیس چمپئن شپ میں بھی شرکت کرچکے ہیں جہاں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا ہے کہ پنجاب حکومت نوجوان ٹیلنٹ کی بھرپور سرپرستی جاری رکھے گی اور ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام مزید روشن کر سکیں، ایسے باصلاحیت نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اورسپورٹس بورڈ پنجاب شطرنج سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔