Live Updates

سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آء اینڈ ٹیلی کام کا اجلاس

جمعرات 30 اپریل 2026 22:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2026ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کام کا اجلاس ہوا جس میں ٹیلی کام کمپٹیشن رولز، موبائل سروسز کی فراہمی، ڈیزل چوری، اتصالات کے 800ملین ڈالرز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیاجبکہ پی ٹی اے حکام نے مختلف امور پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔

اجلاس کے دوران چیئرمین پی ٹی اے نے ٹیلی کام کمپٹیشن رولز پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی بار 2009 میں رولز بنائے گئے تھے اور ادارہ چار بار وزارت کو یہ رولز بھجوا چکا ہے، آخری بار 2022میں بھیجے گئے اور متعدد بار یاد دہانی بھی کرائی گئی۔ اس پر سینیٹر شہادت اعوان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ سال میں رولز فائنل نہ ہونا تشویشناک ہے جبکہ وزارت قانون حکام نے کہا کہ وہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے رولز کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دے دی۔لکی مروت میں موبائل سروس کی معطلی کے معاملے پر ڈی جی انفورسمنٹ پی ٹی اے نے بتایا کہ وہاں کوئی سروس بند نہیں تاہم سینیٹر عطا الرحمان نے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ زمینی حقائق مختلف ہیں۔ چیئرپرسن پلوشہ خان نے سوال اٹھایا کہ ڈیزل کی عدم دستیابی میں سگنلز کیسے چلیں گے، جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ کچھ مقامات پر جنریٹر اور دیگر مسائل حل کیے گئے ہیں تاہم ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک بھر میں مسائل سامنے آ رہے ہیں۔

اجلاس میں ڈیزل چوری کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، سینیٹر سعدیہ عباسی نے کہا کہ دیگر ممالک میں سولر پر منتقل ہو چکے ہیں، جبکہ سینیٹر پلوشہ خان اور چیئرمین پی ٹی اے نے ڈیزل چوری کی موجودگی کی تصدیق کی۔ سینیٹر پلوشہ خان نے موٹرویز پر سگنلز کی عدم دستیابی کا مسئلہ بھی اٹھایا اور کہا کہ بارہا نشاندہی کے باوجود ٹاورز نصب نہیں کیے گئے۔

اتصالات کی800ملین ڈالرز کی واپسی کے حوالے سے سیکرٹری آئی ٹی نے بتایا کہ یہ معاملہ حکومت پاکستان اور اتصالات کے درمیان زیر بحث ہے اور اس پر آخری بات چیت چند ماہ قبل ہوئی۔ اس پر کمیٹی نے آئی ٹی اور پرائیویٹائزیشن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔اجلاس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر دفاع کے ٹویٹ کے حذف ہونے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، جس پر چیئرمین پی ٹی اے نے بتایا کہ اس حوالے سے کوئی باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی۔سینیٹر سید کاظم علی شاہ نے سندھ کے مختلف شہروں میں سگنلز کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ لوڈشیڈنگ اور ڈیزل چوری کے باعث سروسز شدید متاثر ہیں اور پی ٹی اے کو فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات