قوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں امن مشن کی مدت میں توسیع کر دی، فوجیوں کی تعداد کم

جمعہ 1 مئی 2026 08:57

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2026ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جنوبی سوڈان میں امن مشن کی مدت میں ایک سال کی توسیع کرتے ہوئے اس کے فوجی اہلکاروں کی تعداد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔شنہوا کے مطابق جمعرات کو منظور ہونے والی قرارداد 2820 کے تحت اقوام متحدہ نے جنوبی سوڈان میں امن مشن کا مینڈیٹ 30 اپریل 2027 تک بڑھا دیا گیا ہے، تاہم اس کے فوجی اہلکاروں کی حد 17 ہزار سے کم کر کے 12 ہزار 500 کر دی گئی ہے۔

پولیس اہلکاروں کی حد 2 ہزار 101 برقرار رکھی گئی ہے۔قرارداد کو سلامتی کونسل کے 15 میں سے 13 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی، جبکہ چین اور روس نے رائے شماری میں غیر جانب دار رہتے ہوئے پرہیز کیا۔دونوں ممالک نے اپنے مؤقف میں کہا کہ وہ جنوبی سوڈان میں امن مشن کی توسیع کی حمایت کرتے ہیں، تاہم فوجیوں کی تعداد میں کمی اور قرارداد کے بعض حصوں سے اتفاق نہیں کرتے، جنہیں وہ جنوبی سوڈان کی حکومت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل نے کہا ہے کہ زمینی حالات اور عبوری حکومت کے تعاون کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں امن مشن کی ساخت اور ذمہ داریوں میں مزید تبدیلیوں پر غور کیا جا سکتا ہے۔یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب جنوبی سوڈان میں سیاسی اور سکیورٹی صورتحال اب بھی نازک بنی ہوئی ہے۔