جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے باہر نشئیوں کا راج، طالبات عدم تحفظ کا شکار

جمعہ 1 مئی 2026 15:33

مکو آ نہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے مرکزی کیمپس کے قریب امام بارگاہ کے سامنے واقع نالے میں نشے کے عادی افراد نے مستقل ڈیرے جما رکھے ہیں، جس کے باعث وہاں سے گزرنے والی طالبات کو شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق صبح کے اوقات میں متعدد نشئی نیم برہنہ حالت میں نالے کے اندر اور اطراف میں بیٹھ کر نشہ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

بعض افراد قابل اعتراض حالت میں موجود ہوتے ہیں، جس سے نہ صرف ماحول خراب ہو رہا ہے بلکہ تعلیمی ادارے کے تقدس اور طالبات کے لیے بھی سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ویڈیو شواہد میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نشئی نالے میں اتر کر کھلے عام نشہ کر رہے ہیں، جبکہ اطراف میں کسی قسم کی نگرانی یا سیکیورٹی نظر نہیں آتی۔

(جاری ہے)

اس صورتحال نے والدین اور اہل علاقہ میں بھی شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔

اہل علاقہ اور طلبہ نے پنجاب پولیس کے اعلیٰ حکام، بالخصوص آر پی او اور سی پی او فیصل آباد، اور یونیورسٹی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ہے کہ مذکورہ مقام پر باقاعدہ پولیس گشت بڑھایا جائے، نشئیوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور علاقے کو محفوظ بنایا جائے تاکہ طالبات بلا خوف و خطر اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی معیار کی حامل تعلیمی درسگاہ کے عین قریب نشئیوں کے یہ ڈیرے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر کئی سنجیدہ سوالات کو جنم دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :