ایف بی آر ٹیکس آگاہی مہم ، ریڈیو پاکستان میں سیمینار کے دوران ریٹرنز فائل کرنے کے طریقہ کار، سہولیات ،درپیش مسائل کے حل بارے آگاہی فراہم کی گئی

منگل 5 مئی 2026 13:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے ٹیکس پئیرز سرونگ ونگ کے زیراہتمام ٹیکس آگاہی مہم کے سلسلےریڈیو پاکستان میں سیمینارمنعقد ہوا، اس سیمینارکامقصد ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو فروغ دینا اور ٹیکس نظام میں شفافیت کو مضبوط بنانا تھا۔ترجمان ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ سیمینار ایف بی آر کی جاری مہم کا حصہ ہے جس کا ہدف ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور شہریوں میں ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شعور بیدار کرنا ہے۔

سیمینار کے دوران ایف بی آر کے ماہرین نے شرکا کو ٹیکس ریٹرنز فائل کرنے کے طریقہ کار، سہولیات اور درپیش مسائل کے حل کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔اس موقع پر ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کیے جانے والے اہم اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

حکام نے بتایا کہ ادارہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی اور نظام میں شفافیت بڑھانے کے لیے مختلف اصلاحات پر عمل پیرا ہے، تاکہ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی کو فروغ دیا جا سکے۔

سیمینار کے دوران شرکا نے سوال و جواب کے سیشن میں حصہ لیا، یہ اقدام ایف بی آر کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت مختلف اداروں کے ساتھ مل کر عوامی سطح پر شعور اجاگر کیا جا رہا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل نے ایف بی آرمیں اصلاحات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان عوام میں ٹیکس سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لیے ایف بی آر کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔