ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیر اہتمام کنٹری آپریشنز مشن 2026 کا اجلاس

منگل 5 مئی 2026 21:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2026ء) ایشیائی ترقیاتی بینک کے زیر اہتمام کنٹری آپریشنز مشن 2026 کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ بلوچستان ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے خصوصی شرکت کی۔ منگل کو منعقدہ اجلاس میں بلوچستان میں زرعی تحقیق کے نظام کو مضبوط بنانے سے متعلق مجوزہ منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

یہ سیشن مختلف شعبوں کے اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی عمل کا حصہ تھا، جس کا مقصد شعبہ جاتی کامیابیوں، درپیش چیلنجز، حکومتی ترجیحات اور درکار معاونت کو اجاگر کرنا تھا۔مجوزہ منصوبے کے تحت صوبے میں زرعی تحقیق کو جدید خطوط پر استوار کرنے، آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

تقریبا 6 ملین امریکی ڈالر لاگت کے اس منصوبے کو تین سال کے عرصے میں ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کوئٹہ اور اس کے علاقائی مراکز میں نافذ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔حکام کے مطابق اس منصوبے سے پانی کے موثر استعمال میں بہتری آئے گی، لیبارٹری سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور کاشتکاروں کو تحقیق پر مبنی عملی حل فراہم کیے جائیں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے منصوبے کی تیاری اور موثر عملدرآمد کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔