پنشنرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے ذمہ داران کا ہنگامی اجلاس

بدھ 6 مئی 2026 22:25

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 مئی2026ء) پنشنرز ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے ذمہ داران کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ناظم اعلیٰ جنگلات ملک اسد محمود پر ہونے والے حملے کی شدید اور بھرپور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں اس واقعہ کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اور باعزت طریقے سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دے سکیں۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پولیس فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف عدالت میں چالان پیش کرے تاکہ قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔اجلاس کی صدارت پنشنرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر راجہ ممتاز خان نے کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈاکٹر راجہ عارف خان، سید نذیر حسین شاہ، ملک اسد محمود، مجتبیٰ مغل،، بشیر احمد ڈار،قاضی صدیق،شیخ جہانزیب، مظفر حسین منہاس، قاضی تنویر حسین، ایاز اعوان سمیت پنشنرز وحاضر سروس ملازمین نے شرکت کی۔

اجلاس میں سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ڈاکٹر راجہ عارف خان کی تجویز پر مرحوم فاریسٹ آفیسر محمد نواز اعوان کی خدمات کے اعتراف میں شیروان کلوژر کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا گیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ مرحوم محمد نواز اعوان نے محکمہ جنگلات میں گراں قدر خدمات انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔