وزیر تعلیم سے سی ایس ایس میں کامیاب ہونے والی اقصی بانو کی ملاقات، کامیابی پر مبارکباد دی

بدھ 6 مئی 2026 19:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات سے سی ایس ایس امتحان میں کامیاب ہونے والی اقصی بانو نے ملاقات کی۔ رانا سکندر حیات نے اقصی بانو کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ اقصی بانو رحیم یار خان کے سرکاری کالج میں بطور لیکچرر خدمات سرانجام دے رہی تھیں۔

سرکاری کالج کی لیکچرر کی بڑی کامیابی محکمہ ہائیر ایجوکیشن کیلئے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یار خان کے گنجان علاقے میانوالی قریشیاں کی اقصی بانو پنجاب کا قیمتی اثاثہ ہے۔ دیہی علاقوں سے ابھرنے والا ٹیلنٹ قومی سطح پر اپنی پہچان بنا رہا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری بچیاں صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں، پنجاب کی بیٹیاں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اقصی بانو کی کامیابی دیگر طالبات کیلئے روشن مثال ہے۔ وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اقصی بانو وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے بہت متاثر ہے اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کا عزم رکھتی ہیں۔ وزیر اعلی مریم نواز کی قیادت میں پنجاب کی بیٹیوں کیلئے نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو اقصی بانو کیلئے تعریفی سند جاری کرنے اور ایڈیشنل اور سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو جنوبی پنجاب میں اقصی بانو کے گھر جا کر تعریفی سند دینے کی ہدایت بھی کی۔