وائس چانسلر جامعہ بلوچستان نے جامعہ کے ای آفس نظام کا افتتاح کر دیا

بدھ 6 مئی 2026 19:38

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام ، شعبہ جات کے سربراہان اور مختلف ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں جامعہ کے انتظامی اور تدریسی امور کو مزید موثر اور شفاف بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کے دوران وائس چانسلر نے باضابطہ طور پر ای آفس نظام کا افتتاح کیا۔

اس جدید نظام کے تحت اب جامعہ بلوچستان میں تمام سرکاری مراسلات، درخواستیں اور فائل ورک مکمل طور پر ڈیجیٹل انداز میں انجام دیے جائیں گے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ شفافیت اور کارکردگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔یونیورسٹی ای آفس سسٹم کے حوالے سے ایڈیشنل رجسٹرار، محمد سلال خان نے تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس میں نظام کی افادیت، طریقہ کار اور اس کے عملی فوائد پر روشنی ڈالی گئی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جامعہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔اجلاس میں طلبہ کی حاضری کے نظام کو مزید بہتر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام شعبہ جات میں طلبہ کی حاضری کو نوٹس بورڈز پر باقاعدگی سے آویزاں کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور طلبہ اپنی حاضری سے باخبر رہیں۔

اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، رجسٹرار گل محمد کاکڑ، مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ شرکا نے ای۔آفس سسٹم کے نفاذ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کے مکمل اور موثر استعمال کے عزم کا اظہار کیا۔وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ بلوچستان کو ایک جدید، خودکار اور تحقیق دوست ادارہ بنانے کے لیے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ای۔آفس سسٹم کے موثر نفاذ کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے درکار تربیت اور آگاہی بھی فراہم کی جائے۔تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا۔ افتتاحی کیک کاٹنے کی یہ تقریب وائس چانسلر آفس میں منعقد ہوئی،اجلاس کے اختتام پر جامعہ کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے، تدریسی معیار کو بہتر کرنے اور طلبہ کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی مختلف تجاویز زیرِ غور آئیں۔

متعلقہ عنوان :