زرعی یونیورسٹی میں ماہی پروری کا جدید منافع بخش ماڈل روف ٹاپ بایو فلوک ڈیمونسٹریشن سسٹم قائم کر دیا گیا

بدھ 6 مئی 2026 19:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2026ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آبادمیں ماہی پروری کا جدید منافع بخش ماڈل روف ٹاپ بایو فلوک ڈیمونسٹریشن سسٹم قائم کر دیا گیا۔جس کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کیا، اس موقع پر ڈین سائنسز ڈاکٹر عامر جمیل، چیئرمین زوالوجی وائلڈ لائف اینڈ فشریزڈاکٹر خالد عباس، ڈاکٹر عبدالمتین، رجسٹرار ڈاکٹر آصف کامران، ٹریژرر ذیشان اشفاق بخاری اور ڈپٹی ٹریژرر فیصل شہزاددیگر بھی موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق 10 فٹ قطر کے ان دو بائیو فلوک ٹینکوں میں ایک سیزن میں 12 من مچھلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجودہے، جبکہ روایتی طریقے سے اتنی ہی مقدار حاصل کرنے کے لیے آدھے ایکڑ فارم کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ بائیو فلوک ٹیکنالوجی ایک جدید نظام ہے جو پانی کے کم سے کم اخراج کے ساتھ کام کرتا ہے اور غذائی اجزاء کو ری سائیکل کر کے پانی کے معیار کو بہتر بناتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام غذائی استحکام، پروٹین کی فراہمی اور معاشی مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ اس کے ذریعے کم لاگت اور کم پانی میں مچھلی کی زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے جدید رجحانات کو اپنایا جائے۔