الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کی سوشل میڈیا پر انتخابی فہرستوں میں قادیانیوں کو شامل کرنے کی افواہوں کی تردید

جمعرات 7 مئی 2026 22:01

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مئی2026ء) الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے سوشل میڈیا پر انتخابی فہرستوں میں قادیانیوں کو شامل کرنے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ان تمام افواہوں کو بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق سے منافی قرار دیا ہے۔ ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر بعض حلقوں کی جانب سے یہ افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے جان بوجھ کر قادیانی ووٹرز کو عام انتخابی فہرستوں میں شامل کیا ہے، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن ان تمام بے بنیاد، گمراہ کن اور حقائق کے منافی خبروں کی سختی سے تردید کرتا ہے۔

پریس ریلیز میں الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ علیحدہ ووٹر لسٹوں کی تیاری اور نفاذ کے لیے باقاعدہ قانون سازی ناگزیر ہے، جو کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا آئینی اختیار اور دائرہ کار ہے، الیکشن کمیشن خود سے کسی نئی انتخابی فہرست یا علیحدہ لسٹ کے نفاذ کا مجاز نہیں۔

(جاری ہے)

پریس ریلیز میں الیکشن کمیشن نے اس امر کا اعادہ کیا کہ جیسے ہی متعلقہ قانون سازی مکمل ہوگی کمیشن قانون کے مطابق فوری طور پر علیحدہ ووٹر لسٹوں سے متعلق تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے گا۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی بے بنیاد افواہوں پر کان نہ دھریں اور مستند معلومات کے لیے صرف الیکشن کمیشن کے سرکاری ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔