میرواعظ عمر فاروق کا 8 سال بعد اسلام آباد میں انجمن نصرت الاسلام اسکول کا دورہ

جمعہ 15 مئی 2026 11:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2026ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میرواعظ عمر فاروق نے 8 برس بعد ضلع اسلام آباد میں واقع انجمن نصرت الاسلام کے اسکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ کردار سازی اور اخلاقی تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ قابض حکام نے نہیں طویل عرصے بعد اسکول کے دورے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے انجمن نصرت الاسلام ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ 1899سے عوام کوسستی اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ادارے میں زیر تعلیم 60 فیصد سے زائد طلبہ ایسے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں جہاں وہ پہلی نسل کے تعلیم حاصل کرنے والے بچے ہیں اور ان میں اکثریت معاشی طور پر کمزور طبقے سے تعلق رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ڈگریاں اور بہتر ملازمتیں حاصل کرنا نہیں بلکہ نوجوانوں میں اخلاقی اقدار، کردار اور ذمہ داری کا شعور پیدا کرنا بھی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی رسمی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔میرواعظ عمر فاروق نے اسلام آباد کے ایک دارالعلوم میں حالیہ آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرہ ادارے سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جانا چاہتے تھے، تاہم قابض حکام نے انہیں اجازت نہیں دی۔