پولیس خدمت مرکز میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت سے پیش آئے،ایس پی جہلم ویلی کی ہدایت

شہریوں کی ہر جائز شکایت و مسئلہ کو قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فوری طور پر حل کیا جائے،عطاء الرحمن

جمعہ 15 مئی 2026 14:10

جہلم ویلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2026ء) ایس پی جہلم ویلی عطا الرحمن نے پولیس خدمت مرکز جہلم ویلی اور تھانہ پولیس سٹی ہٹیاں بالا کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورہ کے دوران پولیس خدمت مرکز میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، سروسز اور دفتری امور کا جائزہ لیا گیا جبکہ تھانہ پولیس سٹی کے انتظامی، سیکیورٹی اور ریکارڈ سے متعلق امور کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔

دورہ کے موقع پر انچارج پولیس خدمت مرکز نے ایس پی جہلم ویلی کو مرکز میں فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات اور سروسز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ایس پی جہلم ویلی نے خدمت مرکز کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی سہولیات، عملہ کے رویہ اور سروس کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملہ کے خوش اخلاق و پیشہ ورانہ رویہ پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ایس پی جہلم ویلی نے شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس بھی جاری کیے اور متعلقہ عملہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پولیس خدمت مرکز میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت، خوش اخلاقی، اور ذمہ داری کے ساتھ پیش آیا جائے اور ان کے مسائل و معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مستحکم ہو۔

ایس پی جہلم ویلی نے عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے پولیس خدمت مرکز میں شہریوں اور عملہ کے لیے واش رومز کی عدم دستیابی کا نوٹس لیا اور فوری طور پر ان کی تعمیر کے احکامات صادر فرمائے۔بعد ازاں ایس پی جہلم ویلی نے تھانہ پولیس سٹی ہٹیاں بالا کا دورہ کیا جہاں ایس ایچ او تھانہ سٹی نے تھانہ کے انتظامی، دفتری اور سیکیورٹی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ایس پی جہلم ویلی نے تھانہ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے ریکارڈ تھانہ، دفتر محرر، مالخانہ، حوالات، میس، امثلات اور ملازمین کی رہائش گاہوں کو چیک کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر ایس پی جہلم ویلی نے ہدایت کی کہ تھانہ میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی اور ذمہ داری سے پیش آیا جائے اور شہریوں کی ہر جائز شکایت و مسئلہ کو قانون کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فوری طور پر حل کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تھانہ کا تمام ریکارڈ مکمل، مرتب اور اپ ٹو ڈیٹ رکھا جائے جبکہ صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور دفتری امور میں بہتری کو یقینی بنایا جائے۔سیکیورٹی کے حوالے سے تھانہ کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے مزید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے احکامات جاری کیے گئے تاکہ تھانہ کی سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کو مزید مثر بنایا جا سکے۔ اسلحہ کی صفائی، دیکھ بھال اور محفوظ طریقہ سے رکھ رکھا کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی جبکہ ملزمان کی حفاظت اور حوالات کی مثر نگرانی برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔ علاوہ ازیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے نفری کو ہمہ وقت الرٹ رہنے اور ملازمین کی ویلفیئر پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔

متعلقہ عنوان :