پی ایم گولڈ کپ مظفرآباد کے دوران سیکیورٹی کے ناقص انتظامات اور پولیس کی مبینہ غفلت ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی

جمعہ 22 مئی 2026 14:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2026ء) پی ایم گولڈ کپ مظفرآباد کے دوران سیکیورٹی کے ناقص انتظامات اور پولیس کی مبینہ غفلت ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گئی۔ گزشتہ رات نڑول اسٹیڈیم میں جاری کرکٹ میچ دیکھنے آنے والے ایک شائقِ کرکٹ کا موٹر سائیکل چوری ہوگیا جبکہ موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ واقعے کے بعد شہریوں اور کرکٹ شائقین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور پولیس کی کارکردگی پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سفیر عباسی عرف دانی عباسی گزشتہ شب پی ایم گولڈ کپ کا میچ دیکھنے نڑول اسٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے اپنا موٹر سائیکل اسٹیڈیم کے قریب کھڑا کیا۔ میچ کے اختتام پر واپس آئے تو موٹر سائیکل غائب تھا۔ متاثرہ شہری نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی تاہم ابتدائی طور پر کوئی خاطر خواہ کارروائی سامنے نہ آسکی۔

(جاری ہے)

عینی شاہدین کے مطابق اسٹیڈیم اور اطراف میں پولیس کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ نڑول اسٹیڈیم کے احاطے میں قائم پولیس چوکی میں بھی اہلکار تعینات تھے، اس کے باوجود چور واردات ڈال کر باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار بنا دیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب ایک بڑے عوامی ایونٹ کے دوران، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے، وہاں بھی شہریوں کی املاک محفوظ نہیں تو عام حالات میں عوام کس حد تک غیر محفوظ ہوں گے۔سول سوسائٹی، سماجی و عوامی حلقوں نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مظفرآباد میں موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرائم کی شرح میں مسلسل اضافہ تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے موثر حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نڑول اسٹیڈیم اور دیگر عوامی مقامات پر سیکیورٹی نظام کو مزید موثر بنایا جائے، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔