ہمارا نکاح ہوچکا، شادی کی تمام تقریبات دھوم دھام سے ہوں گی، مومنہ اقبال کے شوہر کا اعلان

یہ ارینج میریج ہے، جو دونوں خاندانوں کے قریبی اور مشترکہ دوستوں کی کوششوں سے سرانجام پائی، ہم نے ایک انتہائی عزت دار گھرانے میں رشتہ کیا ہے؛ اداکارہ کے شوہر حمزہ حبیب کا اردو پوائنٹ کو انٹرویو

Sajid Ali ساجد علی پیر 25 مئی 2026 18:07

ہمارا نکاح ہوچکا، شادی کی تمام تقریبات دھوم دھام سے ہوں گی، مومنہ اقبال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مئی2026ء) اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے اپنی شادی کی قانونی اور باقاعدہ حیثیت کی تصدیق کردی، انہوں نے واضح کیا ہے کہ وہ اور مومنہ اقبال اب باقاعدہ رشتے میں بندھ چکے ہیں اور مخالفین کی تمام تر سازشیں ناکام ہو چکی ہیں۔ اردو پوائنٹ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکارہ مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے بتایا کہ ان کا اور مومنہ اقبال کا باقاعدہ نکاح ہو چکا ہے، ہمارا نکاح ہفتے کی شام کو انتہائی سادگی اور احترام کے ساتھ ہوچکا ہے، جس کو آج دو دن گزر چکے ہیں، یہ سراسر ایک ارینج میریج ہے، جو دونوں خاندانوں کے قریبی اور مشترکہ دوستوں کی کوششوں سے سرانجام پائی ہے، ہم نے ایک انتہائی عزت دار گھرانے میں رشتہ کیا ہے اور ہمارا تعلق اب ایک باوقار خاندان سے بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

مخالفین کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے حمزہ حبیب نے شادی کی تاریخوں کا اعلان کیا اور کہا کہ شادی کی تمام باقاعدہ تقریبات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوں گی، عید الاضحیٰ کے فوراً بعد یکم جون کو لاہور کے ہی ایک مقامی اور طے شدہ ہال میں پوری دھوم دھام اور روایتی انداز کے ساتھ شادی کی دیگر تقاریب منعقد کی جائیں گی اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

حمزہ حبیب نے الزام عائد کیا کہ ثاقب چدھڑ نے ان کی شادی رکوانے کے لیے گھٹیا حربے استعمال کیے، ہماری شادی کی تیاریوں کے دوران اچانک ہمارے وینڈرز شادی ہال، ڈیکوریشن اور کیٹرنگ والے بغیر کسی معقول وجہ کے پیچھے ہٹنا شروع ہو گئے تھے، ہم پہلے تو حیران تھے اور اس معاملے کو سلجھانے کی کوشش کر رہے تھے، لیکن اسی دوران جب ان بھائی صاحب یعنی ثاقب چدھڑ نے خود مداخلت کی اور سامنے آئے، تو ہمیں فوراً پوری کہانی سمجھ آ گئی کہ ہماری شادی کی تیاریوں کے معاملات کو پسِ پردہ خراب کرنے اور وینڈرز کو بدگمان کرنے کے پیچھے یہی شخص تھا، یہ ہماری شادی رکوانے کی ایک انتہائی بوگس اور ناکام کوشش تھی۔

حمزہ حبیب نے مزید کہا کہ ان سازشوں کا ہماری شادی یا ارادوں پر کوئی اثر نہیں پڑا، اگر ہم ثاقب چدھڑ سے ڈرتے یا ہمارے دل میں ان کا کوئی خوف ہوتا، تو آج ہم اس مقام پر کھڑے ہو کر میڈیا کا سامنا نہ کر رہے ہوتے، ہم ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، کیونکہ ہم حق اور سچ کی لڑائی لڑ رہے ہیں اور قانون کے ذریعے تمام معاملات کو ان کے انجام تک پہنچائیں گے۔

متعلقہ عنوان :