چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید(ریٹائرڈ) کا تربیلا ڈیم کا دورہ

چیئرمین واپڈا کا پانچویں توسیعی منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ، چوتھے توسیعی منصوبے کی لو لیول آﺅٹ لٹ کی ٹیسٹنگ کا بھی مشاہدہ کیا تربیلا ڈیم گزشتہ 50 سال میں ذخیرہ کیا گیا 419 ملین ایکڑ فٹ پانی زرعی مقاصد کیلئے فراہم کر چکا، نیشنل گرڈ کو 586 ارب یونٹ سستی بجلی بھی فراہم کی تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے بھی نیشنل گرڈ کو 33 ارب یونٹ بجلی فراہم کی جا چکی. چیئرمین واپڈا کو پراجیکٹ حکام کی بریفنگ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 25 مئی 2026 18:34

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید(ریٹائرڈ) کا تربیلا ڈیم کا دورہ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 مئی ۔2026 ) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید(ریٹائرڈ) نےتربیلا ڈیم کا دورہ کیا چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا، تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کی لو لیول آﺅٹ لٹ Low Level Outlet کی ٹیسٹنگ اور کمیشننگ کا مشاہدہ کیا ۔

(جاری ہے)

چیئرمین ارسا امجد سعید، ارسا کی تکنیکی کمیٹی کے ارکان، ممبر واٹر واپڈا اور ممبر پاور واپڈا بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے.

تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کے دورے پر چیئرمین واپڈا کو اہم سائٹس پر پیش رفت بارے بریفنگ دی گئی ان سائٹس میں ان ٹیک سٹرکچر، کنیکٹنگ ٹنل، پاور ہاﺅس، ٹیل ریس اور سوئچ یارڈ شامل ہیں پراجیکٹ کی تمام اہم سائٹس پر تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کے لئے بھرپور کوششیں جاری ہیں چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ حکام کی تعریف کی اور انہیں ہدایت کی کہ تعمیراتی اہداف حاصل کرنے کیلئے تمام اقدامات عمل میں لائے جائیں تاکہ منصوبہ مزید تاخیر کے بغیر مکمل کیا جا سکے ایک ہزار 530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا پانچواں توسیعی منصوبہ ورلڈ بنک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کی فنڈنگ سے تعمیر کیا جا رہا ہے.

ترجمان واپڈا کے مطابق ورلڈ بنک منصوبے کیلئے 390 ملین ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر مہیا کررہا ہے منصوبہ مکمل ہونے پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہوجائے گی تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے دورے میں چیئرمین نے پراجیکٹ کی لو لیول آﺅٹ لٹ کی ٹیسٹ کمیشننگ کا مشاہدہ کیا ایل ایل او کی کمیشننگ خریف کے موسم میں ارسا انڈنٹ کے مطابق صوبوں کو پانی کی فراہمی کیلئے بہت ضروری ہے.

چوتھے توسیعی منصوبے کے مشین ہال اور کنٹرول روم کے دورے پر چیئرمین کو بتایا گیا کہ ورلڈ بنک کی فنڈنگ سے مکمل ہونے والے اس منصوبے سے مارچ 2018 میں بجلی کی پیداوار شروع ہوئی، اور یہ منصوبہ اب تک نیشنل گرڈ کو 33 ارب 25 کروڑ یونٹ بجلی فراہم کرچکا ہے بعد ازاں چیئرمین واپڈا کو تربیلا ڈیم اور خانپور ڈیم کے آپریشن اور میٹننس سے متعلق بریفنگ دی گئی تربیلا ڈیم اب تک چاروں صوبوں کو زرعی مقاصد کیلئے ذخیرہ کئے گئے پانی سے مجموعی طور پر 419 ملین ایکڑ فٹ پانی اور نیشنل گرڈ کو 586 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرچکاہے تربیلا ڈیم  1974سےاپنے آپریشن کے دوران اب تک پاکستان کی اقتصادیات کو 460 ارب ڈالر کا فائدہ پہنچا چکا ہے.

چیئرمین واپڈا کے تربیلا ڈیم کے دورے کے موقع پر جنرل منیجر تربیلا ڈیم، جنرل منیجر پاور تربیلا، جنرل منیجر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ، ایڈوائزر پراجیکٹس واپڈا ، چوتھے اور پانچویں توسیعی منصوبے کے ایڈوائزر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر تربیلا چوتھاتوسیعی منصوبہ بھی موجود تھے. 
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید(ریٹائرڈ) کا تربیلا ڈیم کا دورہ