پاکستان عوامی تحریک کا 37واں یومِ تاسیس،مرکزی و صوبائی قیادت کی کارکنان کو مبارکباد

پیر 25 مئی 2026 18:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2026ء) پاکستان عوامی تحریک کے 37ویں یومِ تاسیس کے موقع پر مرکزی و صوبائی قیادت نے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے فلاحی، جمہوری اور آئینی پاکستان کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔ رہنماوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا 37 سالہ سفر عوامی شعور، آئینی جدوجہد اور قومی فلاح کے لیے مسلسل کاوشوں سے عبارت ہے۔

مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین نے یومِ تاسیس پر کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک ایک ایسے پاکستان کی خواہاں ہے جہاں ریاست کمزور طبقات کی محافظ، ادارے آئین کے تابع اور حکمرانی عوامی خدمت کا حقیقی استعارہ ہو۔سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کی زراعت قومی معیشت کی بنیاد ہے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی، تحقیق اور کسان دوست پالیسیوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔

(جاری ہے)

مرکزی سینئر نائب صدر میاں ریحان مقبول نے کہا کہ توانائی کا شعبہ صنعتی ترقی، معاشی استحکام اور قومی خودمختاری کی بنیاد ہے۔مرکزی نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر پاکستان کی معاشی شہ رگ اور لاکھوں خاندانوں کے روزگار کا ذریعہ ہے، اس لیے برآمدی صنعت اور ٹیکسٹائل کے فروغ کو قومی ترجیحات میں شامل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مزدوروں کے حقوق اور صنعتی ترقی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

مرکزی نائب صدر میاں زاہد اسلام نے کہا کہ سائنسی ترقی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل انقلاب نے دنیا کو نئی سمت دی ہے، لہذا نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل مہارتوں اور تحقیقی مواقع تک رسائی فراہم کرنا قومی ضرورت ہے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات و ترجمان نوراللہ صدیقی نے کہا کہ بڑھتی آبادی، شہری مسائل اور انتظامی پیچیدگیوں کے پیش نظر ملک کو نئے انتظامی یونٹس اور مضبوط بلدیاتی نظام کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں کاشف محمود، سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز خان سیہڑ، صدر سنٹرل پنجاب آصف سلہریا ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری عبدالحمید مصطفوی، صدر لاہور ملک احمد اخوان اعوان، ثاقب بھٹی اور دیگر رہنماوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا 37 سالہ سفر قربانی، صبر، شعور اور عوامی حقوق کیلئے مسلسل جدوجہد کی روشن داستان ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک آئین، جمہوریت، شفاف حکمرانی، سماجی انصاف اور عوامی فلاح کے اصولوں پر مبنی پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔