حجرہ شاہ مقیم ،زرعی یونیورسٹی میں داخلہ مہم کا آغازکر دیا گیا

معیاری تعلیم، جدید سہولیات اور محفوظ ماحول ہماری ترجیح ہے، ڈاکٹر طاہر منیر بٹ

پیر 1 جون 2026 15:02

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2026ء) یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے اوکاڑہ کیمپس میں داخلہ مہم 2026-27 کے سلسلے میں طلبہ، والدین اور معزز مہمانوں کو کیمپس کے دورے کی دعوت دی گئی ہے تاکہ وہ ادارے کے تعلیمی ماحول، جدید سہولیات اور تدریسی معیار کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں۔ یہ بات اوکاڑہ کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر طاہر منیر بٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ اوکاڑہ کیمپس طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق، کردار سازی اور عملی تربیت کے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیمپس میں سرسبز اور پُرسکون تعلیمی ماحول، جدید کلاس رومز، لیکچر تھیٹرز، معیاری لائبریری، محفوظ ہاسٹل، مسجد، کھیلوں کے میدان اور تفریحی سرگرمیوں کی سہولیات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

طالبات کے لیے خصوصی اور محفوظ انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ وہ اطمینان کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

ڈاکٹر طاہر منیر بٹ نے کہا کہ ادارہ طلبہ کی رہنمائی، تعلیمی معاونت اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ ہے۔ ہمارا مقصد نوجوانوں کو علمی، عملی اور اخلاقی اعتبار سے مضبوط بنیادیں فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے طلبہ اور والدین پر زور دیا کہ وہ اوکاڑہ کیمپس کا دورہ کریں اور داخلہ سیشن 2026-27 کے موقع پر دستیاب تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے روشن اور کامیاب مستقبل کی جانب پہلا قدم بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :