یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں طلبہ کے فن پاروں کی شاندار نمائش کا انعقاد

منگل 2 جون 2026 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2026ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے شعبہ تاریخ، فنون اور ثقافتی ورثہ کے زیر اہتمام بی ایف اے تھیسس نمائش 2026ء (گرافک ڈیزائن اور پینٹنگ) کا انعقاد مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ اور لوئر مال کیمپس میں کیا گیا، جس میں فارغ التحصیل طلبہ کے سو سے زائد تخلیقی اور تحقیقی فن پارے پیش کیے گئے۔نمائش کا افتتاح یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ کے اعلیٰ معیار کے فن پاروں، تخلیقی سوچ اور جدید ڈیزائننگ صلاحیتوں کو سراہا۔تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر احسن بشیر، ڈائریکٹر ڈویژن آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز، صنعتکار، سرمایہ کار، فیکلٹی ممبران، طلبہ، فنکاروں، ڈیزائنرز اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

نمائش میں ڈیجیٹل آرٹ ورک، حقوقِ نسواں، مصنوعی ذہانت، سائنسی ترقی، برانڈنگ تصورات، بصری ابلاغی مہمات، السٹریشنز اور گرافک ڈیزائن کے ایسے منصوبے پیش کیے گئے جو عصرِ حاضر کے سماجی، ثقافتی اور تکنیکی موضوعات کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں۔طلبہ نے اپنے منصوبوں کے ذریعے تخلیقی سوچ، تنقیدی تجزیے اور جدید ڈیزائننگ رجحانات پر اپنی مضبوط گرفت کا اظہار کیا۔

نمائش کے دوران طلبہ نے مہمانوں کو اپنے فن پاروں کے پس منظر، تحقیقی عمل اور تخلیقی محرکات سے بھی آگاہ کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چودھری نے اپنے خطاب میں طلبہ کی محنت، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ میں جدت، فنی اظہار اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، پیشہ ورانہ دنیا سے رابطے اور تخلیقی کام کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتی ہیں۔شرکاء نے نمائش میں پیش کیے گئے کام کے معیار کو سراہتے ہوئے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، جدت پسندی اور پیشہ ورانہ اندازِ پیشکش کی تعریف کی۔