گلشن اقبال پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ ، کاروائیاں، 33 ملزمان گرفتار

گرفتار شدگان میں 4 ڈکیت، 4 اسٹریٹ کرمنلز، منشیات اور گٹکا مافیا کے 6 ملزمان ، 14 غیر ملکی باشندے و دیگر ملزمان شامل

منگل 2 جون 2026 22:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2026ء) گلشن اقبال پولیس نے علاقے میں جرائم پیشہ و کرمنلز کے خلاف کاروائیوں ، مقابلے اور ایکشن کے دوران ڈکیت گروہ کے 4 ملزمان سمیت مجموعی 33 ملزمان کو گرفتا ر کر کے اسلحہ، لوٹا و چھینا ہوا مال و دیگر اشیاء اور گاڑیاں برآمد کر لیں۔ دوسری جانب ایس ایچ او گلشن اقبال محمد سعود کی کمیونٹی پولیسنگ نے علاقہ معززین کے دل جیت لیے ۔

تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع ایسٹ کے خصوصی ٹاسک پر ایس ایچ او گلشن اقبال محمد سعود نے پولیس پارٹی کے ہمراہ علاقے میں گشت کے دوران کار سوار ڈکیت گینگ کا تعاقب کیا اور مقابلے کے بعد 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے تین 30 بور پستول، ایک نائن ایم ایم پستول، متعدد کارتوس، 3 موبائل فونز اور زیر استعمال کار برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

جبکہ گن پوائنٹ پر راہگیروں کو لوٹنے والے اسٹریٹ کرمنلز گینگ کے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے 4 پستول، 4 میگزین، 9 کارتوس، لوٹی ہوئی رقم ، چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

جبکہ منشیات و گٹکا ماواء مافیاز کے 6 ملزمان گرفتار کر کے 100 گرام آئس اور مضر صحت گٹکا برآمد کر لیا۔ مزید براں علاقے میں سرچ کاروائیوں میں 14 غیر ملکی باشندے (افغانی) گرفتار کر لیے۔ دریں اثناء شراب کے مقدمے میں ایک ملزم گرفتار کر کے 18 کین بیئر برآمد کر لی۔ جوا سٹہ کے کیس میں 4 ملزمان گرفتار کر کے آلات قمار بازی قبضے میں لے لیے جبکہ 2 کاریں ، ایک رکشہ اور ایک موٹر سائیکل کو مشتبہ ہونے پر قبضہ پولیس میں لے لیا گیا۔ ادھر ایس ایچ او گلشن اقبال محمد سعود نے اپنی بہترین کمیونٹی پولیسنگ سے علاقہ معززین ، تاجروں، علماء ، سماجی و مذہبی حلقوں سے خوب پزیرائی حاصل کی۔